انڈیا کے نیرج چوپڑا اور پاکستان کے ارشد ندیم آئندہ ہفتے ٹوکیو میں جیولن تھرو کے طلائی تمغے کے لیے آمنے سامنے ہوں گے۔
یہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان برادرانہ رقابت کا نیا باب ہے، کیونکہ ٹوکیو اولمپکس کے چیمپیئن چوپڑا اور پیرس اولمپکس کے ان کے جانشین ندیم ایتھلیٹکس ورلڈ چیمپیئن شپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان مئی میں فوجی تصادم کے بعد پہلی بار مدمقابل ہوں گے۔
ایک سال قبل پیرس میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے چوپڑا اکثر کہتے تھے کہ دونوں ملکوں میں کشیدگی کے باوجود ان کے ندیم سے دوستانہ تعلقات ہیں۔
پیرس میں جب ندیم نے طلائی تمغہ جیتا اور چوپڑا ان کے ساتھ پوڈیم پر کھڑے تھے تو ندیم کی والدہ رضیہ پروین نے کہا ’جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہیں، لیکن وہ دونوں بھائیوں کی طرح ہیں۔‘
چوپڑا کی والدہ سروج نے بھی کہا کہ انہیں بیٹے کی ہار کا کچھ غم اس لیے کم ہوا کہ جیتنے والا بھی ’ہمارا ہی بیٹا‘ ہے۔
لیکن فوجی تصادم کے بعد کم از کم عوامی سطح پر یہ رویہ بدل گیا ہے اور دونوں کھلاڑیوں پر ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنے کا دباؤ بڑھا ہے۔
ٹوکیو میں اپنے عالمی اعزاز کا دفاع کر رہے 27 سالہ چوپڑا کہتے ہیں وہ ’کبھی بھی واقعی قریبی دوست نہیں‘ تھے۔
28 سالہ ندیم نے بھی چوپڑا سے دوستی کو کم اہمیت دی ہے۔ انہوں نے اے ایف پی کو ٹوکیو جاتے ہوئے فون پر بتایا ’جب وہ جیتے تو میں نے انہیں مبارک باد دی، اور جب میں نے گولڈ جیتا تو انہوں نے بھی یہی کیا۔‘
’(بالکل ایسے ہی جیسے) کشتی میں ایک پہلوان جیتتا ہے اور دوسرا ہارتا ہے — یہ کھیل کا حصہ ہے۔‘
دعوت واپس لے لی گئی
ندیم جو جولائی میں پنڈلی کی سرجری کے بعد دوبارہ میدان میں اتر رہے ہیں، ایک کسان گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔
وہ اس وقت راتوں رات ہیرو بن گئے جب انہوں نے 92.97 میٹر کے ریکارڈ تھرو کے ساتھ پاکستان کو 40 برس بعد پہلا اولمپک طلائی تمغہ دلایا۔
پیرس کے بعد سے ندیم نے صرف ایک مقابلے میں حصہ لیا ہے۔ مئی میں انہوں نے جنوبی کوریا میں ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ جیتی، جہاں چوپڑا شریک نہیں ہوئے تھے۔
دونوں کا آخری ٹکراؤ پیرس اولمپکس میں ہوا تھا۔ اپریل میں انڈین سٹار نے ندیم کو اپنے ’نیرج چوپڑا کلاسک‘ جیولن ایونٹ کے لیے انڈیا آنے کی دعوت دی تھی لیکن پاکستانی کھلاڑی نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ یہ ان کے ٹریننگ شیڈول سے متصادم ہے۔
بعد ازاں چوپڑا نے یہ دعوت واپس لے لی جب 22 اپریل کو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں ایک حملے میں 26 افراد، جن میں زیادہ تر ہندو سیاح تھے، مارے گئے۔
انڈیا نے الزام لگایا کہ اس حملے کے پیچھے پاکستان ہے، لیکن اسلام آباد نے اس کی تردید کی۔
بعد کے تصادم میں دونوں جانب میزائل، ڈرون اور توپ خانے کی فائرنگ سے 70 سے زائد افراد جان سے گئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
چوپڑا نے بعد میں کہا ’میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میرا ندیم سے کوئی خاص مضبوط تعلق نہیں، ہم کبھی بھی قریبی دوست نہیں تھے۔
’موجودہ صورتحال کی وجہ سے چیزیں پہلے جیسی نہیں رہیں گی۔ البتہ اگر کوئی مجھ سے عزت سے بات کرتا ہے تو میں بھی اسی طرح جواب دیتا ہوں۔‘
شاندار فارم
چوپڑا ٹوکیو اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیتنے کے بعد انڈیا میں قومی ہیرو بن گئے۔ انہیں ملین ڈالرز کے اشتہاری معاہدے ملے اور ان کی مسکراہٹ، نیا ہیئر سٹائل اور معصوم کشش نے انہیں ملک گیر مقبولیت دلائی۔
انہوں نے 2023 میں بوداپسٹ میں ورلڈ ٹائٹل جیتا اور 2025 کے سیزن سے قبل چیک جیولن لیجنڈ جان زیلزنی کے کوچنگ گروپ میں شامل ہونے کے بعد شاندار فارم میں ہیں۔
مئی میں دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں انہوں نے پہلی بار 90 میٹر سے زیادہ نیزہ پھینکا (90.23 میٹر)، لیکن جرمن جولیان ویبر سے دوسرے نمبر پر رہے۔
گذشتہ ماہ زیورخ ڈائمنڈ لیگ میں بھی ویبر نے 91.51 میٹر پھینک کر پہلا مقام حاصل کیا جبکہ چوپڑا 85.01 میٹر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ویبر کے علاوہ گریناڈا کے دو بار کے عالمی چیمپیئن اینڈرسن پیٹرز بھی ٹوکیو میں موجود ہوں گے۔
ورلڈ چیمپیئن شپ ہفتے کو شروع ہو رہی ہے جبکہ مردوں کا جیولن فائنل 18 ستمبر کو ہو گا۔