وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے بدھ کو ان کو ہٹائے جانے والی خبروں کے بعد اعلان کیا ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ کے عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے بدھ کو تصدیق کی تھی بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کی جگہ سہیل آفریدی کو نامزد کیا ہے۔
جس کے بعد اب وزیر اعلیٰ خیبر پخونخوا کے دفتر سے بھی ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں علی امین گنڈا پور نے خود عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔
بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ’وزیراعلیٰ کی پوزیشن عمران خان صاحب کی امانت تھی اور ان کے حکم کے مطابق ان کی امانت ان کو واپس کر کے اپنا استعفی دے رہا ہوں۔‘
"وزیراعلی کی پوزیشن عمران خان صاحب کی امانت تھی اور ان کے حکم کے مطابق ان کی امانت ان کو واپس کر کے اپنا استعفی دے رہا ہوں"
— PTI (@PTIofficial) October 8, 2025
علی امین گنڈا پور pic.twitter.com/sOiBXeqeJg
اس سے قبل سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے بدھ کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد باہر موجود صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اس فیصلے کی تصدیق کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اورکزئی میں جو آج شہادتیں ہوئی ہیں اس پر عمران خان نے انہتائی غم کا اظہار کیا ہے اور خان صاحب نے یہ کہا ہے کہ ان شہادتوں کے بعد میرے پاس کوئی چارہ نہیں ہے۔‘
سلمان اکرم راجہ کا مزید کہنا تھا کہ ’عمران خان نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی اور امن و امان کی صورت حال بہت خراب ہو چکی ہے۔ آج بھی اورکزئی میں جوانوں کی شہادت پر بہت افسوس ہے اس لیے میرے پاس اب کوئی گنجائش نہیں بچی کہ میں تبدیلی نا کروں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستانی فوج نے بدھ کو ایک بیان میں بتایا تھا کہ ضلع اورکزئی میں عسکریت پسندوں سے جھڑپ میں دو افسران سمیت 11 فوجی جان سے گئے جبکہ لڑائی میں 19 ’دہشت گرد‘ بھی مارے گئے۔
آئی ایس پی آر سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق 7 اور 8 اکتوبر کی درمیان شب سکیورٹی فورسز نے ضلع اورکزئی میں انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔
سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے وزیر اعلیٰ خیبر پحتونخوا کے عہدے کے لیے عمران خان کی جانب سے سہیل آفریدی کو نامزد کیا اور کہا کہ ’خان صاحب کا یہ حکم ہے کہ سہیل آفریدی وفاقی حکومت کی رہنمائی کریں۔‘
انہوں نے اس بارے میں مزید کہا کہ ’سہیل آفریدی وفاقی حکومت کو سمجھائیں کہ پختون روایات کیا ہیں، اس علاقے میں امن کس طرح قائم ہو سکتا ہے۔‘