انڈیا نے جمعرات کو آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ میں اب تک کی ناقابل شکست آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جہاں اس کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہو گا۔
ممبئی میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں انڈیا نے جمیما روڈریگز کی شاندار سینچری کی بدولت دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔
انڈیا نے آسٹریلیا کا 339 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر نو گیندیں قبل حاصل کر لیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لچفیلڈ کی سینچری، پیری اور گارڈنر کی نصف سینچریوں کی بدولت 338 رنز بورڈ پر سجائے تو یہ پہاڑ جیسا ہدف انڈیا کے لیے مشکل دکھائی دیا کیونکہ آسٹریلیا اس ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہی تھی۔
تاہم صرف 59 پر ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے باوجود انڈیا نے میچ کو ہاتھ سے جانے نہیں دیا اور جمیما اور کپتان ہرمن پریت کور نے شاندار 167 رنز کی شراکت داری سے آسٹریلیا کی میچ پر گرفت کمزور کر دی۔
ہرمن 89 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد بھی جمیما کریز پر جمی رہیں اور 127 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔
آسٹریلیا کو ان کی وکٹ حاصل کرنے کے کئی مواقع ملے جس سے وہ فائدہ نہ اٹھا سکے۔
ایسا ہی ایک موقع آسٹریلیا کو میچ کے انتہائی اہم لمحے پر ملا جب جمیما 106 رنز پر کھیل رہی تھیں، مگر مڈ آف پر کھڑی فیلڈر نے ان کا کیچ گرا دیا اور وہی میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔
اس طرح انڈیا نے ویمنز ون ڈے کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف بھی حاصل کیا اور فائنل میں جگہ بھی بنائی جہاں اتوار کو اس کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہو گا۔
 
             
           
                     
                     
                     
                     
                     
                     
                     
                     
	             
	             
	             
	             
	             
	             
                     
                     
                     
                    