پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے اس ہفتے جنوبی لبنان میں ایک فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل کے حالیہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے علاقے سے اسرائیلی فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ اور لبنانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔
اسرائیل نے منگل کو جنوبی لبنان میں عین الحلوہ کیمپ پر فضائی حملہ کیا، جس کے بارے میں لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ اس میں کم از کم 13 اموات ہوئیں۔ اسرائیل نے کہا کہ یہ حملہ حماس کے ایک تربیتی مرکز پر کیا گیا اور دعویٰ کیا کہ فلسطینی تنظیم سے منسلک 13 جنگجو مارے گئے۔
پاکستانی صدر نے لبنان کو اس کے یومِ آزادی پر مبارک باد دی جو ہر سال 22 نومبر کو منایا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد اور بیروت کے درمیان تعلقات مضبوط رہیں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایوانِ صدر سے ہفتے کو جاری ہونے والے ایک بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ ’ہم اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہم جنوبی لبنان سے اسرائیلی افواج کے انخلا کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اسلام آباد لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں نازک جنگ بندی کو برقرار رکھے۔
انہوں نے بے گھر ہونے والے لبنانی شہریوں کی محفوظ واپسی کا بھی مطالبہ کیا۔
ساحلی شہر صیدا کے مضافات میں واقع گنجان آباد عین الحلوہ کیمپ، لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں کا سب سے بڑا کیمپ ہے۔
اسرائیل نے گذشتہ نومبر میں طے پانے والی فائر بندی کے باوجود لبنان پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس فائر بندی کا مقصد حماس کی اتحادی تنظیم حزب اللہ کے ساتھ ایک سال سے زائد عرصے سے جاری لڑائی کو روکنا تھا، جس میں دو ماہ کی بھرپور جنگ بھی شامل تھی۔