پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بدھ کو اعلان کیا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے لیے بولی کا عمل 23 دسمبر 2025 کو ہوگا جسے براہ راست نشر کیا جائے گا تاکہ مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔’
پاکستان کی سینیٹ کی ایک کمیٹی میں رواں سال اکتوبر میں بتایا گیا تھا کہ حکومت پی آئی اے کی نجکاری دسمبر تک مکمل کرنے کا ہدف رکھتی ہے۔
اس حوالے سے رواں سال نومبر میں وزیر اعظم کی زیر صدارت ایک اجلاس بھی ہوا تھا جس میں پی آئی اے کی نجکاری اور اس حوالے سے بزنس پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی۔
اس اجلاس میں وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا تھا کہ پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز کی نجکاری کی جائے گی۔
اب بدھ کو وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’پی آئی اے کی بولی 23 دسمبر 2025 کو ہوگی اور اسے تمام میڈیا پر براہ راست دکھایا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ حکومت نجکاری کے پورے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنا رہی ہے۔ ان کے مطابق پی آئی اے کی عالمی پروازوں کی بحالی سے اوورسیز پاکستانیوں کو سفر میں سہولت ملے گی اور ملک کی سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
شہباز شریف نے مزید کہا کہ نجکاری کا عمل پوری طرح تسلی بخش انداز میں آگے بڑھ رہا ہے تاکہ پی آئی اے کی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کی جاسکے اور قومی ایئرلائن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔
انہوں نے امید ظاہر کی ’ان شااللہ بہت جلد پی آئی اے ایک بار پھر اپنے نعرے ’Great People to Fly With‘ پر پورا اترے گی۔‘
1955 میں قائم کی گئی پی آئی اے 1960 اور 1970 کی دہائیوں میں جنوبی ایشیا کی جدید ایئر لائن سمجھی جاتی تھی۔
تاہم 1990 کے بعد سے ناصرف اسے خسارے کا سامنا رہا بلکہ اس کی عالمی پروازوں میں بھی واضح کمی ہوئی۔
موجودہ حکومت سے پہلے بھی مختلف ادوار میں اس کی بحالی کے منصوبے پیش کیے گئے لیکن مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکے تھے۔