سر بنی یاس فورم میں پاکستان علاقائی امور، معاشی تعلقات پر بات کرے گا: دفتر خارجہ

12 سے 14 دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہونے والے سربراہ اجلاس میں دنیا بھر سے سینیئر سیاست دان، پالیسی ساز اور عالمی ماہرین شریک ہیں، جس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کر رہے ہیں۔

12 دسمبر 2025 کو سر بنی یاس فورم میں شرکت کے لیے ابوظبی پہنچنے پر متحدہ عرب امارات کے شاہی پروٹوکول کے نمائندے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا استقبال کر رہے ہیں (وزارت خارجہ ایکس اکاؤنٹ)

دفتر خارجہ نے جمعے کو کہا ہے کہ پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار 12 سے 14 دسمبر کو متحدہ عرب امارات میں ہونے والے سر بنی یاس فورم میں شرکت کر رہے ہیں، جہاں وہ عالمی رہنماؤں کے ساتھ علاقائی امور پر بات چیت کریں گے اور معاشی شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تین روزہ سربراہ اجلاس میں دنیا بھر سے سینیئر سیاست دان، پالیسی ساز اور عالمی ماہرین شریک ہوں گے، جہاں گفتگو کا محور علاقائی اور بین الاقوامی سطح کے اہم امور ہوں گے، جن میں امن، سکیورٹی اور معاشی تعاون شامل ہے۔

اسحاق ڈار، جو پاکستان کے وزیر خارجہ بھی ہیں، نے گذشتہ برس بنی یاس فورم کے 15 ویں ایڈیشن میں شرکت کی تھی۔ جمعے کو اپنے بیان میں دفتر خارجہ نے کہا کہ اس سال کی سربراہ کانفرنس میں اسحاق ڈار متحدہ عرب امارات کے اپنے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید ال نہیان کی دعوت پر شرکت کر رہے ہیں۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق: ’اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ علاقائی استحکام، پائیدار ترقی اور معاشی شراکت داری کے فروغ سے متعلق امور پر عالمی رہنماؤں اور ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔

’وہ مکالمے کے فروغ، علاقائی چیلنجز سے نمٹنے اور معاشی تعاون کے بہتر مواقع پیدا کرنے سے متعلق پاکستان کا نقطہ نظر بھی پیش کریں گے۔‘

فورم میں اسرائیل کی غزہ میں جاری جنگ اور مشرق وسطی میں نازک جنگ بندی پر اہم تبادلہ خیال متوقع ہے۔

پاکستان مسلسل اسرائیل پر غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتا رہا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا آیا ہے کہ وہ مداخلت کرے اور اس نازک معاہدے کو ٹوٹنے سے بچائے۔

اسلام آباد حالیہ مہینوں میں ایسے عالمی اجلاسوں کے موقعے پر علاقائی اتحادیوں، خصوصاً خلیجی ممالک، کے ساتھ معاشی شراکت داری کے امکانات بھی تلاش کر رہا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان