حکومت پاکستان نے ہفتے کو وزیر اعظم شہباز شریف کی روسی صدر ولادی میر پوتن سے ملاقات کے لیے 40 منٹ انتظار کی خبروں کو ’خیالی‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف ترکمانستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر تھے، جہاں انہوں نے جمعے کو متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔
ان میں ترک صدر رجب طیب اردوغان، ایرانی صدر مسعود پزشکیان، تاجکستان کے صدر امام علی رحمان، کرغزستان کے صدر جپاروف اور پوتن شامل تھے۔
پوتن سے ملاقات سے قبل شہباز شریف کی ایک ہال میں نشست پر بیٹھے رہنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے متعلق کہا گیا کہ وہ مبینہ طور پر روسی صدر کا 40 منٹ تک انتظار کرتے رہے۔
تاہم عالمی میڈیا کے لیے وزیر اعظم کے ترجمان مشرّف زیدی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں ان خبروں کو خیالی قرار دیتے ہوئے کہا ’ہم دوسروں کی خیالی باتوں پر تبصرہ نہیں کرتے۔‘
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف ایک ہال میں بیٹھے ہیں اور بعد میں اس کمرے میں داخل ہوتے ہیں، جہاں روس کے صدر اپنے ترک ہم منصب سے ملاقات کر رہے تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یہ دعویٰ کہ وہ پوتن سے ملاقات کے لیے 40 منٹ انتظار کر رہے تھے، زیادہ تر انڈین میڈیا میں گردش کر رہا تھا۔
آر ٹی انڈیا نے آج یہ ویڈیو پوسٹ کرنے کے بعد یہ کہہ کر ڈیلیٹ کر دی کہ یہ واقعات کی غلط تشریح پر مبنی تھی۔
جمعے کی رات دیر گئے جاری کی گئی وضاحت میں آر ٹی انڈیا نے کہا ’ہم نے ترکمانستان میں امن اور اعتماد فورم کے موقعے پر پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ولادی میر پوتن سے ملاقات کے لیے انتظار کرنے سے متعلق ایک سابقہ پوسٹ حذف کر دی۔ یہ پوسٹ واقعات کی غلط عکاسی ہو سکتی تھی۔‘
آر ٹی انڈیا، روس کے سرکاری مالی معاونت سے چلنے والے عالمی میڈیا نیٹ ورک کی شاخ ہے۔ صدر پوتن نے گذشتہ ہفتے نئی دہلی کے دورے کے دوران آر ٹی انڈیا نیوز چینل کا افتتاح کیا تھا۔
انڈیا میڈیا کے مطابق آر ٹی انڈیا کی اصل پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستانی شہباز شریف نے پوتن کے لیے 40 منٹ تک انتظار کیا، پھر ’تھک کر‘ ترک صدر اردوغان اور روسی صدر پوتن کی ملاقات میں ’بلااجازت داخل ہو گئے۔‘
دریں اثنا، روس کی خبر رساں ایجنسی ریا (RIA) نے رپورٹ کیا کہ وہ بعد میں صدر اردوغان اور صدر پوتن کے درمیان ہونے والی بات چیت میں شامل ہو گئے، جو بند کمرے میں 40 منٹ تک جاری رہی۔
حکومت پاکستان کے ترجمان اور وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے جمعے کی رات ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ’عالمی رہنماؤں کے ساتھ بہترین ملاقاتیں ہوئیں۔ عالمی سطح پر پاکستان نمایاں ہو رہا ہے۔‘
Prime Minister of Pakistan @CMShehbaz at Ashgabad. Great interactions with world leaders. Pakistan shining at the global stage Alhamdulillah !
— Attaullah Tarar (@TararAttaullah) December 12, 2025
Warm and cordial exchanges with President of Russia Vladimir Putin @kremlinrussia_E , President of Turkey @RTErdogan and President of… pic.twitter.com/J72d0OcA3T
ایک اور ویڈیو میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور صدر پوتن کو راہ داری نما مقام پر مصافحہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔