انڈیا: ٹرین میں نوڈلز بنانے کی ویڈیو وائرل، شہریوں کی تنقید

محکمہ ریلویز کا کہنا ہے کہ اس نے خاتون کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

انڈیا میں چلتی ہوئی ریل گاڑی میں برقی کیتلی میں نوڈلز تیار کرنے والی خاتون (ایکس اکاؤنٹ)

انڈیا میں ریلوے کے محکمے نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو پر کارروائی کا اعلان کیا ہے جس میں ایک خاتون کو دوران سفر ٹرین میں الیکٹرک کیتلی میں نوڈلز اور چائے بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ ویڈیو خود مذکورہ خاتون نے بنائی اور اس میں وہ مراٹھی (مغربی انڈین ریاست مہاراشٹر میں بولی جانے والی زبان) میں بات کر رہی ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیتلی کے اندر مشہور انسٹنٹ نوڈلز میگی ابل رہے ہیں جب کہ ساتھ ہی چائے کا ایک کپ بھی رکھا ہے۔

خاتون ناظرین کو بتاتی ہیں کہ انہوں نے ساتھ بیٹھے مسافر کو’تیار ناشتہ‘ پیش کیا۔ وہ مزید کہتی ہیں: ’مطلب یہ کہ مجھے یہاں بھی چھٹی نہیں ملی، میرا کچن یہاں بھی چل رہا ہے۔‘ خاتون نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ وہ اسی کیتلی میں تقریباً 15 لوگوں کے لیے چائے بنا چکی ہیں۔

فی الحال اس ٹرین کی شناخت نہیں ہو سکی جس میں وہ سفر کر رہی تھیں۔ انڈین ٹرینوں میں لگے ساکٹ عام طور پر کم بجلی استعمال کرنے والی چیزوں جیسا کہ موبائل چارجر، کے لیے ہوتے ہیں، نہ کہ کھانا پکانے والے آلات کے لیے۔

سوشل میڈیا پر اس ویڈیو پر شدید تنقید کی گئی اور صارفین نے خاتون پر الزام لگایا کہ انہوں نے دیگر مسافروں کی جان خطرے میں ڈالی۔ متعدد لوگوں نے نشاندہی کی کہ کیبن کے ساکٹ سے زیادہ پاور لینے سے سرکٹ اوورلوڈ ہو سکتا ہے یا چنگاریاں نکل سکتی ہیں، جس سے آگ لگنے کا خطرہ پیدا ہو جاتا ہے۔

سینٹرل ریلویز نے، جو انڈین ریلویز کا وہ زون جو مہاراشٹر اور قریبی علاقوں کے انتظامات سنبھالتا ہے، کہا ہے کہ اس نے خاتون کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ریلوے زون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ ’متعلقہ چینل اور اس خاتون کے خلاف کارروائی شروع کی جا رہی ہے۔‘

انہوں نے تنبیہ کی کہ ٹرین میں برقی کیتلی کا استعمال ممنوع ہے کیوں کہ ’ایسا کرنا آگ لگنے کے واقعات کا سبب بن سکتا ہے اور دیگر مسافروں کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ اس سے بجلی کی فراہمی میں خلل پڑ سکتا ہے اور اے سی یا ٹرین کے دیگر الیکٹرک پورٹس بھی خراب ہو سکتے ہیں۔‘

حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کے واقعات کی اطلاع ٹرین کے عملے کو دیں اور ایسے آلات ساتھ لے جانے یا استعمال کرنے سے گریز کریں جو سسٹم کی گنجائش سے زیادہ بجلی استعمال کرتے ہوں۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ