انڈیا کی ریاست اڈیشہ میں ٹرین حادثے میں متعدد اموات

انڈین حکام کے مطابق حادثہ مشرقی ریاست اڈیشہ میں پیش آیا جس میں سینکڑوں افراد ریل گاڑی کے ڈبوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

مشرقی انڈیا کی ریاست اڈیشہ میں ٹرین حادثے میں متعدد اموات ہوئی ہیں(اے این آئی / روئٹرز)

حکام کے مطابق انڈیا کی مشرقی ریاست اڈیشہ میں ایک مسافر ٹرین پٹڑی سے اتر گئی، جس سے بہت سے لوگ ڈبوں میں پھنس گئے اور میڈیا رپورٹس کے مطابق متعدد اموات کے علاوہ 170 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعہ کو اڈیشہ کے بالاسور ضلع میں مسافر ٹرین کے پٹڑی سے اترنے اور مال گاڑی سے ٹکرنے سے کم از کم 30 اموات ہوئیں۔

اطلاعات کے مطابق کلکتہ سے چنئی جانے والی کورومنڈیل ایکسپریس تصادم کے بعد پٹری سے اتر گئی اور مخالف ٹریک پر گر گئی۔

اڈیشہ کے چیف سیکریٹری پردیپ جینا نے روئٹرز کو بتایا: ’تقریباً 50 ایمبولینسوں نے اطلاع دی ہے لیکن زخمی بہت زیادہ دکھائی دیتے ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے بڑی (تعداد) بسیں چلائی جا رہی ہیں۔‘

انڈین میڈیا بھی ٹرین حادثے میں متعدد اموات کی اطلاعات دے رہا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق اڈیشہ ریاست میں ضلع بالاسور کے انتظامی سربراہ ڈی بی شندے نے کہا کہ امدادی کارکن مزید 200 افراد کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں جو پٹری سے اترنے والی کوچوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پٹری سے اترنے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

 

ریلوے منسٹری کے ترجمان امیتابھ شرما نے کہا کہ پٹڑی سے اتری ٹرین کے کچھ ٹوٹے ہوئے ٹکڑے قریبی ٹریک پر گرے اور مخالف سمت سے آنے والی ایک اور مسافر ٹرین سے ٹکرا گئے۔ تفصیلات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکیں۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا نیوز ایجنسی نے بتایا کہ پٹری سے اترنے والی کورومنڈیل ایکسپریس ریاست مغربی بنگال کے ہاوڑہ سے جنوبی ریاست تامل ناڈو کے دارالحکومت چنئی جا رہی تھی۔

انڈیا کے نجی نیوز ٹیلی ویژن کی تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ امدادی ٹیمیں مسافروں کو خستہ حال کوچوں سے نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ نئی دہلی ٹیلی ویژن کی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ 179 افراد کو اسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔

اے پی کے مطابق ریل کی حفاظت کو بہتر بنانے کی حکومتی کوششوں کے باوجود ہندوستان میں ریلوے کے ہر سال کئی سو حادثات ہوتے ہیں۔ اگست 1995 میں نئی دہلی کے قریب دو ٹرینوں کے ٹکرانے کا حادثہ ہوا اور ملک کی تاریخ کے اس بدترین ٹرین حادثے میں 358 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

زیادہ تر ٹرین حادثات کا الزام انسانی غلطی یا پرانے سگنلنگ آلات پر لگایا جاتا ہے۔

ایک کروڑ بیس لاکھ سے زیادہ لوگ ہر روز انڈیا کی چودہ ہزار ریل گاڑیوں پر سوار ہوتے ہیں، جو 64,000 کلومیٹر ٹریک پر سفر کرتی ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق میڈیا رپورٹس اور حکام نے بتایا کہ جمعہ کو اوڈیشہ کے بالاسور ضلع میں مسافر ٹرین کے پٹڑی سے اترنے اور مال گاڑی سے ٹکرا جانے سے کم از کم 30 افراد ہلاک اور 179 ہسپتال میں داخل ہو گئے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا