وزیراعظم سرکاری دورے پر بحرین روانہ، ’مقصد تزویراتی شراکت کو فروغ دینا ہے‘

اسلام آباد میں ایوان وزیر اعظم سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم دورے کے دوران بحرین کے اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف 26 نومبر 2025 کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے بحرین روانہ ہونے کے لیے جہاز میں داخل ہو رہے ہیں (ایوان وزیر اعظم، اسلام آباد) 

وزیر اعظم شہباز شریف بدھ کی صبح دو روزہ سرکاری دورے پر بحرین روانہ ہوئے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان نتائج پر مبنی اور تزویراتی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔

اسلام آباد میں ایوان وزیر اعظم سے بدھ کی صبح جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف دورے کے دوران بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ اور نائب وزیراعظم شیخ خالد بن عبداللہ الخلیفہ سے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کریں گے۔

بیان میں بتایا گیا کہ یہ سرکاری دورہ مملکت بحرین کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ خوشگوار تعلقات کی نشان دہی کرتا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان نتائج پر مبنی اور تزویراتی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔ 

’اس دورے سے روایتی طور پر گرمجوشی اور خوشگوار تعلقات کو تقویت ملے گی، شراکت داری کی نئی راہیں متعین ہوں گی اور عوام سے عوام کے روابط کو گہرا کیا جائے گا، جو باہمی طور پر فائدہ مند تعاون میں حصہ ڈالے گا۔‘

بحرین کے دورے میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور سینیئر سرکاری اہلکار بھی وزیر اعظم شہباز شریف کے وفد میں شامل ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بحرین ان عرب ممالک میں شامل ہے جہاں پاکستانیوں کی بڑی تعداد روزگار کے لیے موجود ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت بحرین کے مختلف حصوں میں ایک لاکھ 10 ہزار سے زیادہ پاکستانی کام کر رہے ہیں۔

مصر، اردن، مراکش اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی طرح بحرین بھی ان مسلمان ملکوں میں شامل ہے جس کے اسرائیل کے ساتھ سرکاری سفارتی تعلقات ہیں۔

مصر اور اردن پہلے عرب ممالک تھے جنہوں نے اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے قائم کیے، اس کے بعد متحدہ عرب امارات اور بحرین نے 2020 میں ابراہیم معاہدے کے ذریعے تل ابیب سے تعلقات کو استوار کیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان