اقلیتوں سے ناانصافی کرنے والے ہر ہاتھ کو روکیں گے: شہباز شریف

وزیراعظم ہاؤس میں کرسمس کے حوالے سے خصوصی تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کسی بھی اقلیتی شخص سے ناانصافی یا زیادتی پر قانون پوری قوت سے حرکت میں آئے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف وزیر اعظم ہاؤس میں کرسمس کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں (ایوان وزیر اعظم اسلام آباد)

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقلیتوں سے ناانصافی کرنے والے ہر ہاتھ کو روکا جائے گا۔

جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس میں کرسمس کے حوالے سے خصوصی تقریب میں خطاب سے وزیراعظم نے کہا کہ اقلیتوں کے ساتھ کسی صورت زیادتی نہیں ہونے دیں گے اور کسی بھی اقلیتی شخص سے ناانصافی یا زیادتی پر قانون پوری قوت سے حرکت میں آئے گا۔

انہوں نے کرسمس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج سب یہ تہوار منانے کے لیے یہاں اکٹھے ہوئے ہیں۔ حضرت عیسیٰ نے انسانیت کو ظلم وجبر سے نجات دلائی۔ 

مختلف شعبوں میں اقلیتی برداری کے کردار کے حوالے سے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’قیام پاکستان سے آج تک تمام اقلیتوں نے ہر شعبے میں اہم کردار ادا کیا۔ مسیحی برداری نے تعلیم، طب، دفاع سمیت ہر شعبے میں گراں قدرخدمات انجام دیں۔ پاکستان میں اقلیتوں خاص طور پر مسیحی برادری کا قابل قدر اور تاریخی کردار ہے۔

’قوم مسلح افواج میں مسیحی افسروں اور جوانوں کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔‘

انہوں نے نظام انصاف میں تو جسٹس اے آر کارنیلیئس، دفاع کے شعبے میں سیسل چوہدری، ہارون ولیم اور انسانیت کی خدمت میں ڈاکٹر روتھ فاؤ کی مثالیں دیں اور کہا کہ ان شخصیات اپنے اپنے شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دیے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہارون ولیم نے دشمن سے لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔

اس موقعے پر انہوں نے رواں سال مئی میں پاکستان اور انڈیا کی جنگ کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے کہا: ’رواں سال مئی میں پاکستان نے فیلڈمارشل کی ولولہ انگیز قیادت میں دشمن کے چھکے چھڑا دیئے۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں سات جہاز گرائے اور آٹھویں کو شدید نقصان پہنچا۔‘

انہوں نے کہا کہ حکومت ترقی اور خوشحالی کے سفر میں مسیحی برادری کا ساتھ دے گی۔ ’اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پوری طرح کھڑے ہیں، کسی کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ اقلیتوں سے ناانصافی کرے۔‘

قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا مسیحی بھائی پاکستان میں فعال، مثبت اور پُرامن برادری کی حیثیت سے قابل قدر کردار ادا کررہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’وہ دعاگو ہیں کہ یہ کرسمس مسیحی برادری اور ہمارے ملک کیلئے باعث امن و استحکام اور خوشحالی کی نوید ہو۔‘

انہوں نے کہا کہ یہ دن پوری انسانیت کیلئے پیغام محبت، امن و رواداری اور خیرسگالی کے جذبات سے جڑا ہوا ہے۔

’ملک کی مجموعی سماجی و معاشی ترقی کیلئے مسیحی برادری کی مخلصانہ کاوشیں لائق تحسین ہیں، دہشت گردی کےخلاف جدوجہد میں پوری قوم کے شانہ بشانہ ان کی قربانیاں ہمارے لیے باعث فخر ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

صدر آصف علی زرداری نے بھی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کرسمس کا تہوار امید، امن اور ہمدردی کا پیغام لے کر آتا ہے۔ اس موقع پر محبت اور انسانیت کی خدمت کا درس ہمیں اُن گہرے رشتوں کی یاد دلاتا ہے جو تمام انسانوں کو ایک دوسرے سے جوڑتے ہیں۔

صدر نے کہا کہ ’پاکستان کے مسیحی شہریوں نے سیاست، قومی دفاع، تعلیم، ادب، فنونِ لطیفہ، موسیقی، صحت، سماجی بہبود اور عوامی خدمت سمیت مختلف شعبوں میں اہم خدمات انجام دی ہیں۔ ان کی کاوشیں ہماری مشترکہ ترقی کو تقویت دیتی اور ہماری قومی زندگی کو مزید مالا مال کرتی ہیں۔‘

دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ میں واقع آور لیڈی آف فاطمہ کیتھولک چرچ گئے جہاں آرچ بشپ جوزف ارشد نے ان کا استقبال کیا۔

 وزیر داخلہ نے کرسمَس کی مناسبت سے منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت کی اور مسیحی برادری کے ساتھ مل کر کرسمَس کیک کاٹا اور امن کی شمع روشن کی۔ انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمَس کی مبارکباد دی۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان