افغانستان کی قومی فضائی کمپنی آریانا افغان ایئرلائن نے وزارتِ ٹرانسپورٹ و ایوی ایشن کے فیصلے کی روشنی میں کابل تا اسلام آباد اور اسلام آباد تا کابل روٹس پر پروازوں کی ٹکٹوں کی قیمتیں 180 سے کم کر کے 140 ڈالر مقرر کر دی ہیں۔
کابل میں بدھ کو جاری ایک بیان کے مطابق اس فیصلے کا مقصد مسافروں کو سستی، محفوظ اور سہل سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
آریانا افغان ایئرلائن نے وزارتِ ٹرانسپورٹ و ایوی ایشن کے خط نمبر (2035) کے جواب میں مکمل تعاون اور فیصلے پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ کمپنی ہمیشہ مشکل حالات میں قوم کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی عوامی مفاد کو ترجیح دیتی رہے گی۔
کمپنی کے مطابق ٹکٹوں کی قیمت میں کمی مسافروں کی موجودہ معاشی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ایئرلائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آریانا افغان ایئرلائن اپنی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے، مسافروں کے اعتماد میں اضافہ کرنے اور قومی فضائی ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کر رہی ہے۔
کمپنی نے اس امر کا اعادہ کیا کہ اس نے کبھی بھی مسافروں کی مشکلات سے فائدہ نہیں اٹھایا اور ہمیشہ ہم وطنوں کو معیاری اور قابلِ بھروسہ سفری سہولیات فراہم کی ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اعلان کے مطابق کابل تا اسلام آباد روٹ پر راؤنڈ ٹرپ ٹکٹوں کے لیے بھی خصوصی رعایت دی گئی ہے۔ مسافر کابل میں آریانا کے ہیڈ آفس سے کابل تا اسلام آباد کے ٹکٹ جبکہ اسلام آباد تا کابل کے ٹکٹ آریانا کی اسلام آباد برانچ اور منظور شدہ ٹریول ایجنسیوں سے حاصل کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ مسافروں کو آن لائن بکنگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جس کے لیے آریانا افغان ایئرلائن کی آفیشل ویب سائٹ اور موبائل ایپ استعمال کی جا سکتی ہے۔
یہ بھی واضح کیا گیا کہ نئی مقرر کردہ قیمتیں آج سے نافذ العمل ہیں اور تمام ٹریول ایجنسیاں اس بات کی پابند ہوں گی کہ ان روٹس کے ٹکٹ 140 امریکی ڈالر سے زیادہ قیمت پر فروخت نہ کریں۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ایجنسیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کچھ عرصہ پہلے بھی آریانا افغان ایئر لائن نے کابل تا اسلام آباد کی ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا، جو 280 سے کم کرکے 180 ڈالر مقرر کیا گیا تھا۔
یک خبر خوش به مسافرین کابل — اسلام آباد و اسلام آباد — کابل!
— Ariana Afghan Airlines - د آریانا افغان هوایي شرکت (@Flyariana1333) December 29, 2025
دوشنبه — [۰۸/۰۷/۱۴۴۷ هـ.ق.]
همانگونه که د آریانا افغان هوایی شرکت بهعنوان یک شرکت ملی کشور همواره در شرایط دشوار در کنار ملت ایستاده است، بناً به فیصلۀ وزارت ترانسپورت و هوانوردی کشور لبیک گفته و در این زمینه… pic.twitter.com/TyDSEALh3s
آریانا افغان ایئرلائن کے پریس آفس کے مطابق یہ اقدام عوامی سہولت، شفافیت اور قومی مفاد کے تحفظ کے لیے اٹھایا گیا ہے، تاکہ کابل اور اسلام آباد کے درمیان سفر کرنے والے مسافر محفوظ، سستا اور معیاری فضائی سفر کر سکیں۔
دونوں ممالک کے درمیان سرحدوں کی بندش کے باوجود آریانا کے علاوہ ایک نجی افغان ایئرلائن ’کام ایئر‘ بھی اس روٹ پر ہفتہ وار پروازیں چلا رہی ہے۔