پاکستان اور چین نے جمعے کو سرحدی انتظام اور سکیورٹی کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے اور امیگریشن کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے معاہدے پر کام تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
دونوں ملک غیر قانونی امیگریشن اور سرحد پار جرائم کے خلاف تعاون بڑھا رہے ہیں۔
پاکستانی وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق، ان امور پر اتفاق پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی اور چین کی نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر جنرل چی جِنگ یانگ کی قیادت میں پاکستان کے دورے پر آنے والے وفد کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی حکومت غیر قانونی امیگریشن، غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے اور سمگلنگ کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہ برتنے کی پالیسی پر عمل کر رہی ہے۔‘
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیرُمملکت طلال چوہدری سے چین کی نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن کے
— Ministry of Interior GoP (@MOIofficialGoP) July 17, 2026
ڈائریکٹر جنرل چی جِنگ یانگ کی قیادت میں وفد کی ملاقات
ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین امیگریشن، بارڈر مینجمنٹ اور ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق pic.twitter.com/TVz45QmW0N
انہوں نے مزید کہا کہ حکام ایسے جرائم میں ملوث تمام افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کر رہے ہیں۔
دونوں ملکوں نے غیر قانونی ترک وطن، اسلحے کی سمگلنگ اور سرحد پار جرائم کے خلاف مشترکہ کوششیں مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا، جب کہ امیگریشن، سرحدی انتظام اور اداروں کی صلاحیت بڑھانے کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان، پاکستان اور چین کے درمیان زمینی سرحد کی مرکزی گذرگاہ خنجراب پاس پر گلگت بلتستان سکاؤٹس کی ایک نئی چوکی قائم کرے گا تاکہ سرحدی سکیورٹی مزید مضبوط بنائی جا سکے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
چینی وفد نے غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے اور سمگلنگ کی روک تھام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔
چی جنگ یانگ نے کہا، ’چین اور پاکستان سٹریٹیجک شراکت دار ہیں اور ہم پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ بیجنگ پاکستانی اداروں کی صلاحیت بڑھانے میں مدد جاری رکھے گا۔
اس موقعے پر چینی سفیر جیانگ زائی دونگ نے کہا کہ پاکستانی پولیس افسر رواں ماہ کے آخر میں تربیت کے لیے چین جائیں گے، جب کہ چینی تربیت کار پہلے ہی پاکستان کے خصوصی تحفظ یونٹ کے اہلکاروں کو چینی زبان کی تربیت دے رہے ہیں۔ یہ یونٹ ملک میں چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کا ذمہ دار ہے۔