پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عندیہ دیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو خرابیِ صحت کی وجہ سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ریلیف دیا جا سکتا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پانچ نومبر کو ایک ٹویٹ میں اپنے والد کی صحت کے بارے میں تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو خبردار کیا تھا کہ ’ابھی تک آصف علی زرداری کو طبی ماہرین اور ذاتی معالج تک رسائی نہیں دی گئی۔ اگر انہیں کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔‘
President Zardari has still not been given access to specialist doctors and personal physician. Our family is increasingly concerned about his health. If anything happens to our father this govt will be held responsible.
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) November 5, 2019
آصف علی زرداری کے وکیل اور پی پی پی کے سینیئر رہنما لطیف کھوسہ نے چھ نومبر کو اڈیالہ جیل سپریٹنڈنٹ کو اپنے موکل کا علاج پرائیویٹ ڈاکٹرز پر مشتمل ایک پینل سے کرانے کی درخواست دی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پینل کو ہر طرح کے ٹیسٹ کرنے کی اجازت بھی ہونی چاہیے۔
لطیف کھوسہ کے مطابق 65 سالہ زرداری کافی عرصے سے طبی مسائل کا شکار ہیں اور رواں سال ایک عدالتی حکم پر حکومت کا قائم کردہ ڈاکٹروں کا بورڈ انہیں دیکھ رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے اتوار کو ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ’بلاول بھٹو ہمیں اپنے والد کی میڈیکل رپورٹس بھجوائیں تو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انہیں بھی علاج کے لیے ریلیف دیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیرون ملک روانگی میں ’قانونی رکاوٹوں‘ کو دور کیا جا رہا ہے کیونکہ ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ ان کی جان بچانے کے لیے بیرون ملک علاج کی اشد ضرورت ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’حکومت نے ڈاکٹروں کی رائے کو اہمیت دی ہے۔ شریف خاندان کے افراد نے سفری پابندی ختم کرنے کے لیے وزارت ِداخلہ سے درخواست کی جس پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’ہم ان کی صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہیں تاکہ وہ صحت یاب ہو کر واپس آئیں اور سیاست میں حصہ لیں۔‘
توقع کی جا رہی ہے کہ علیل نواز شریف (کل) پیر کی صبح نام ای سی ایل سے نام خارج ہونے کے بعد بیرون ملک روانہ ہو جائیں گے۔
تاہم، مسلم لیگ ۔ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اتوار کی شام کہا کہ ای سی ایل سے نام نہ نکلنے کی وجہ سے نواز شریف کی بیرون ملک روانگی میں تاخیر ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا ڈاکٹرز نے کل بیرون ملک روانگی کے لیے نواز شریف کو سٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز دی، لیکن ڈاکٹرز کے مطابق انہیں بار بار سٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز نہیں دی جاسکتی۔
پاکستان کے تین بار وزیر اعظم رہنے والے نواز شریف کو ملک کی عدالت عظمیٰ نے 2017 میں ان کی تیسری مدت سے برطرف کیا گیا تھا اور بعد میں بدعنوانی کے الزامات کے تحت جیل بھیج دیا تھا۔
ان کی پارٹی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی جیل میں طبیعت بگڑ گئی اور انہیں گذشتہ ماہ دل کا معمولی دورہ پڑا تھا جبکہ ان کے نجی ڈاکٹر نے ٹویٹر پر دعوی کیا ہے کہ سابق وزیراعظم اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
نواز شریف خرابی صحت کی بنا پر آٹھ ہفتوں کے لیے ضمانت پر ہیں۔
دوسری جانب، وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں بڑی سیاسی جماعتوں (ن لیگ اور پی پی پی) نے مولانا فضل الرحمٰن کے اسلام آباد میں دھرنے سے فائدہ اٹھا لیا ہے۔
انہوں نے ہفتے کو میڈیا سے گفتگو میں پیش گوئی کی ہے پلی بارگین کی بنیاد پر زرداری کے خلاف ایک ایک کر کے مقدمے ختم ہوتے جائیں گے۔