پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ فیصلہ لاجسٹکس اور پروازوں کے مصروف شیڈول کے باعث کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں پی ایس ایل میچز کے لیے ان کی تیاری مکمل ہے۔
لاہور کے ایک کرکٹ پرستار محمد ستار نے اس فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کا ذمہ دار بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ہیں جنہوں نے جنگی کیفیت پیدا کرکے ’ہمارا اتنا بڑا نقصان کر دیا۔‘
پی ایس ایل 4 کے تین مقابلے لاہور میں شیڈول تھے جو 9 ، 10 اور 12 مارچ کو قذافی سٹیڈیم میں ہونے تھے۔ تاہم اب ایسا نہیں ہوگا۔ چئیرمین پی سی بی احسان مانی نے بتایا ہے کہ پاکستان میں مقابلوں کا آغاز 9 مارچ سے ہی ہوگا تاہم کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ انتہائی مشکل تھا۔ چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ 9 مارچ کو لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ مدمقابل آئیں گی۔ 10مارچ کو کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ ہوگا جبکہ 11مارچ کو لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا مقابلہ ہوگا۔
کرکٹ حکام کے مطابق لاہور کی فضائی حدود تاخیر سے کھلنے کی وجہ سے آمد و رفت ممکن نہیں ہوگی۔ کھلاڑیوں کے علاوہ اصل مسئلہ میچ کی نشریات کے آلات اور اہلکاروں کا مقابلوں سے قبل وہاں پہنچنا ہے۔
کراچی کنگز اور پشاور زلمی کا میچ بھی 11 مارچ کو ہی ہوگا۔ نیشنل اسٹیڈیم میں 13مارچ کو کوالیفائر،14 اور 15 مارچ کو ایلیمینیٹرز ہوں گے۔
دبئی میں پی ایس ایل انتظامیہ اور فرانچائز کے مالکان کے درمیان اجلاس ہوا جس میں مقابلوں کی منتقلی کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی سکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ہے۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دو سال پہلے ایک میچ کراچی کے لیے مانگا تھا اور اب پی ایس ایل کے سارے میچز کراچی آ رہے ہیں۔ ’یہ ایک چیلنج ہے جس کو قبول کریں گے ۔ کراچی میں پی ایس ایل کے لیے ہماری تیاری مکمل ہے۔‘
احسان مانی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ انہوں نے مقابلوں کی تاریخیں تبدیل کرنے کے بارے میں بھی سوچا لیکن انیس مارچ سے آسٹریلیا کے خلاف پاکستانی ٹیم کو متحدہ عرب امارات جانا تھا لہذا تاخیر ممکن نہیں تھی۔ ’یہ بدقسمتی ہوگی کہ پاکستان کرکٹ کا ہیڈکواٹر پی ایس ایل میچ منعقد نہیں کروا سکے گا۔ اس میں پی سی بی کی کوئی کوتاہی نہیں تھی لیکن ایک بڑے قومی کاز کے لیے یہ چھوٹی قربانی ہے۔‘
اس کے علاوہ کراچی نیشنل سٹیڈیم کے نظام رینجرزنے سمبھال لیا ہے۔ پی ایس ایل کےمیچزکے لیے اسٹیڈیم کی سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ کراچی میں پی ایس ایل 4 کے پانچ مقابلے پہلے سے طے ہیں جن میں 17 مارچ کو فائنل بھی شامل ہے۔