کشمیر پر گوتریش کی ثالثی بھی قبول نہیں: بھارت

بھارت نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش کی جانب سے اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان کشمیر کے تنازع پر ثالثی کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر دو طرفہ بات چیت ہی ہو سکتی ہے۔

انتونیو گوتریش نے پاکستان کے چار روزہ دورے کے آغاز پر اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس سے قبل بھی مسٔلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کر چکے ہیں (اے ایف پی)

بھارت نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش کی جانب سے اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان کشمیر کے تنازع پر ثالثی کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر دو طرفہ بات چیت ہی ہو سکتی ہے۔

انتونیو گوتریش نے پاکستان کے چار روزہ دورے کے آغاز پر اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس سے قبل بھی مسٔلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کر چکے ہیں اور اگر دونوں ممالک رضا مند ہوں تو وہ اب بھی ان کے درمیان ثالثی کے لیے تیار ہیں۔

بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے بیان پر سرکاری رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر بھارت کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور نئی دہلی جموں و کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ سمجھتا ہے اور یہ ہمیشہ بھارت کا حصہ رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس (کشمیر) تنازع میں مسٔلہ صرف ان علاقوں سے پاکستان کے انخلا کا ہے جس پر اس نے غیر قانونی اور بزورِ طاقت قبضہ کیا ہوا ہے۔ مزید مسائل، اگر ہیں تو، وہ دو طرفہ طور پر زیر بحث لائے جا سکتے ہیں اور اس میں کسی تیسرے فریق کا ثالثی کے لیے کوئی کردار یا دائرہ کار نہیں ہو سکتا۔‘

بھارتی اخبار ’دا ہندو‘ کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کو امید ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پاکستان پر سرحد پار سے ہونے والی ’دہشت گردی‘ کے خاتمے کے لیے قابل اعتماد، پائیدار اور ناقابل واپسی اقدام اٹھانے پر زور دیں گے۔

انتونیو گوئتریش یو این ایچ سی آر اور حکومت پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ افغان مہاجرین سے متعلق ایک کانفرنس سے قبل اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے، جس کا افتتاح پیر کو وزیر اعظم عمران خان نے کیا ہے۔

انتونیو گوئتریش کرتار پور گرودوارے کا بھی دورہ کریں گے اور بھارت کے ساتھ بنائی گئی راہداری کا مشاہدہ کریں گے جسے انہوں نے دو طرفہ تعلقات میں انوکھا تجربہ قرار دیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی صورتحال کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا تھا کہ انہیں اس پر گہری تشویش ہے اور انہوں نے بھارت اور پاکستان سے مطالبہ کیا کہ عسکری اور کلامی طور پر کشیدگی کو کم کریں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اس سے قبل بھی متعدد بار اس کشمیر کے تنازع  پر ثالثی کی پیشکش کر چکے ہیں جنہوں نے بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 میں ترمیم کرنے اور جموں و کشمیر میں پابندیاں عائد کرنے کے حکومت کے فیصلے پر بھارت پاکستان کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے بعد گذشتہ ستمبر میں اس پیشکش کو دہرایا تھا۔

اگرچہ بھارتی حکومت کی جانب سے اس طرح پیشکش کو مسترد کرنا معمول کی بات ہے تاہم اس بار اس کا مطلب یہ بھی ہوسکتا ہے کہ نئی دہلی آئندہ ہفتے بھارت کا دورہ کرنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جو ماضی میں متعدد بار پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر کے تنازع پر ثالثی کی پیش کش کر چکے ہیں، کو واضح پیغام دینا چاہتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا