سندھ سے سامان کی ترسیل میں مشکلات پر وزیراعظم برہم

کابینہ کو بتایا گیا کہ سندھ میں ہدایات پر پوری طرح عمل نہیں کیا جا رہا، جس کے باعث غذائی اجناس کے علاوہ درآمد اور برآمد ہونے والی اشیا کی نقل و حمل میں بھی مسائل کا سامنا ہے: فردوس عاشق اعوان

معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ صوبہ سندھ میں سمندری راستوں  سے  سامان کی نقل و حمل میں مشکلات  پروزیر اعظم نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ (فائل تصویر: ریڈیو پاکستان)

وزیراعظم عمران خان نے صوبہ سندھ میں گڈز ٹرانسپورٹرز کے لیے مسائل پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے رینجرز کو اس سلسلے میں موجود رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔

 منگل کی شام وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ صوبہ سندھ میں سمندری راستوں اور وہاں سے آنے والے سامان کی نقل و حمل میں مشکلات سے متعلق کابینہ کو آگاہ کیا گیا ہے جس پر وزیر اعظم عمران خان نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے واضح کیا کہ نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کی ہدایات کے تحت ملک میں کہیں بھی غذائی اور دوسری اجناس کی نقل و حمل پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی۔

فردوس عاشق اعوان کے مطابق: 'کابینہ کو بتایا گیا کہ سندھ میں ہدایات پر پوری طرح عمل نہیں کیا جا رہا، جس کے باعث غذائی اجناس کے علاوہ درآمد اور برآمد ہونے والی اشیا کی نقل و حمل میں بھی مسائل کا سامنا ہے۔'

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے رینجرز کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ میں گڈز ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل کے راستے میں موجود رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ کابینہ نے کرونا وائرس کی وبا کے دوران وزیر اعظم کے 150 ارب روپے کے پروگرام کی بھی منظوری دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت ایک کروڑ20 لاکھ خاندانوں کو ایس ایم ایس پیغامات کے ذریعے تین ہزار روپے مہینہ ادا کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں چار ماہ کا خرچہ (12000 روپے) ہے جو جلد ہی ان خاندانوں کو پہنچ جائے گا۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان