دنیائے کرکٹ کا انتظار ختم، کھیل پھر سے شروع

کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے تعطل کے بعد پہلا انٹرنیشنل کرکٹ میچ انگلینڈ کے شہر ساؤتھ ہمپٹن میں آج سے شروع ہو رہا ہے۔

انگلینڈ کے کپتان جو روٹ کی عدم دستیابی کے باعث ٹیم کی قیادت بین سٹوکس کریں گے (اے ایف پی)

کرونا (کورونا) وائرس کے باعث پیدا ہونے والے تعطل کے بعد پہلا انٹرنیشنل کرکٹ میچ انگلینڈ کے شہر ساؤتھ ہمپٹن میں آج سے شروع ہو رہا ہے۔

کرکٹ کے گھر انگلینڈ میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ہر ایک کا خواب ہوتا ہے۔ خوبصورت صاف منظم کرکٹ سٹیڈیمز، بہترین سہولیات اور معیاری کرکٹ کے شوقینوں کو دیکھ کر ہر کھلاڑی کے منہ میں پانی آجاتا ہے اور ان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی قومی کیپ پہن کر ہزاروں تماشائیوں سے اعلیٰ ترین کارکردگی پر داد و تحسین وصول کرے۔

انگلینڈ کے ہرے بھرے گراؤنڈز میں جب سفید یا رنگ برنگی کرکٹ کٹ میں ٹیمیں گراؤنڈ میں اترتی ہیں تو تماشائی کھڑے ہوکر بھرپور استقبال کرتے ہیں۔ اس وقت کسی کے ذہن میں یہ بات نہیں ہوتی کہ یہ انگریز ٹیم نہیں ہے بلکہ ان ہزاروں کرکٹ کے دلدادوں کو سب کرکٹر ہی نظر آتے ہیں۔

یہ وہ منظر ہے جو دوسرے ممالک میں شاذ و نادر ہی نظر آتا ہے۔

آج جب ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی ٹیمیں ساؤتھ ہمپٹن گراؤنڈ میں آئیں گی تو وہ ہزاروں تماشائی نہیں ہوں گے جن کی تالیوں کی گونج سے خون کی روانی تیز ہوجاتی تھی اور کھلاڑیوں کا جوش امڈنے لگتا تھا۔

کرونا کی تباہ کاریوں کے بعد پانچ ماہ تک کرکٹ ہر سطح پر معطل رہی اور ہر ملک کی توجہ کرونا سے بچاؤ اور نجات پر مبنی رہی۔ کھیلوں کی سرگرمیاں طویل عرصہ کے بعد شروع تو ہو رہی ہیں لیکن اس قدر حفاظتی اقدامات کے ساتھ کہ کبھی کبھی گمان ہوتا ہے کہ میچ سٹیڈیم میں نہیں بلکہ آپریشن تھیٹر میں ہو رہا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

خالی سٹیڈیم میں کرکٹ میں کچھ گرمجوشی پیدا کرنے کے لیے مصنوعی شور پیدا کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، یعنی پہلے سے ریکارڈ شدہ کسی پرانے میچ کا شور وقفے وقفے سے سنایا جائے گا، اچھے شاٹ پر تالیاں تو ہوں گی لیکن سپیکرز پر!

انگلینڈ نے کرونا کے بھرپور وار کے باوجود ہمت سے کام لیا اور انٹرنیشنل کرکٹ کو شروع کیا۔ حالانکہ 44 ہزار سے زائد ہلاکتوں کے بعد کسی تفریح کا سوچنا بھی مشکل تھا۔

تاہم  سماجی فاصلوں کو یقینی بنا کر اصول وضع کیے گئے اور پہلے سے طے شدہ سیریز ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے ساتھ ضروری انتظامات کے ساتھ ترتیب دی گئی ہیں۔

ویسٹ انڈیز انگلینڈ ٹیسٹ

انگلینڈ کے جنوب مشرقی شہر ساؤتھ ہمپٹن میں بدھ سے پہلے ٹیسٹ کا آغاز ہو رہا ہے۔

ساؤتھ ہمپٹن کے ایجس باؤل میں یہ چوتھا ٹیسٹ کھیلا جائے گا۔ اصولی طور پر یہ میچ شیڈول میں نہیں تھا لیکن سماجی فاصلوں کی خاطر اس کا انتخاب کیا گیا ہے کیونکہ اس گراؤنڈ میں ایک اعلیٰ معیار کا ہوٹل بھی ہے جس میں دونوں ٹیمیں قیام پذیر ہیں۔ اس طرح دونوں کا عام افراد سے رابطہ واجبی سا ہوگا۔

انگلینڈ کے کپتان جو روٹ کی عدم دستیابی کے باعث ٹیم کی قیادت بین سٹوکس کریں گے۔ جو روٹ کے گھر میں نئے مہمان کی آمد اس ہفتے متوقع ہے جس کی خاطر انہوں نے ایک ٹیسٹ کی چھٹی لی ہوئی ہے۔

سیاہ فام لوگوں سے یکجہتی

پہلی دفعہ ایسا ہوگا کہ دونوں ٹیمیں سیاہ فام لوگوں سے یکجہتی کے طور پر اپنی قمیص کے کالر پر سیاہ فام لوگوں کی حمایت میں بیج لگائیں گی۔

اس یکجہتی کا ویسٹ انڈیز نے پہلے اعلان کیا تھا لیکن بعد میں انگلینڈ کی ٹیم نے بھی ایسے بیجز لگانے کا اعلان کر دیا جو رنگ ونسل کی بنیاد پر نفرت کا شکار ہونے والے لوگوں سے یکجہتی کا مظہر ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ