پاکستان کا پہلا سائیکلنگ ویلوڈروم پشاور میں

'اس ویلوڈروم میں ریلوے،واپڈا اور دیگر  ادارے اپنے کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے۔ افغانستان کے کھلاڑی بھی یہاں آکر تربیت حاصل کر سکیں گے جس سے حکومت کو معاشی فائدہ ہوگا۔'

(خیبر پختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن)

تقریباً نو سال کے عرصے سے جاری جدوجہد  کے بعد خیبر پختونخوا میں سائیکلوں کے مقابلے کے لیے بالاخر بین الاقوامی معیار کا ویلوڈروم بنایا جارہا ہے جس میں اولمپک سٹینڈرڈ کا 250 میٹر لمبا لکڑی کاٹریک بچھایا جائے گا۔

پشاور کے گڑھی بلوچ علاقے میں تعمیر کیے جانے والے ویلوڈروم کے لیے 80 کنال کی اراضی حاصل کر لی گئی ہے۔

یہاں سائیکل ٹریک کے علاوہ دیگر کھیلوں کے میدان،دفاتر، 1500 تماشائیوں کی جگہ اور 300 سے زائد کھلاڑیوں کے لیےہاسٹل  بنائے جائیں گے۔

خیبر پختونخوا کے کھیلوں کے ڈائریکٹر جنرل اسفندیار خٹک نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ یہ دس کروڑ سے زائد لاگت کا منصوبہ ہے جب کہ منصوبے پر کام شروع کرنے کےلیے دس کروڑ جاری کر دیے گئے ہیں۔

’ڈیزائن تیار ہوچکا ہے۔ ٹینڈر دینے کا کام ابھی باقی ہے۔ دسمبر تک تمام دستاویزی کام مکمل ہو جائے گا اور اسی مہینے کھدائی اور تعمیر کا کام بھی شروع ہوگا۔ ساتھ ہی اس میں گڑھی  بلوچ کے نوجوانوں کے لیے کھیل کود کا میدان بھی بنایا جائے گا۔ ‘

ویلوڈروم کا مطلب کیا ہے؟

ویلوڈروم بنیادی طور پر فرانسیسی اور یونانی دو الفاظ سے مل کر بنا ہے۔ فرانسیسی زبان میں ویلو سائیکل کو کہتے ہیں جب کہ یونانی زبان میں ڈروم کا مطلب دوڑ کا میدان ہے۔

ویلوڈروم ہمیشہ بیضوی شکل میں بنایا جاتا ہے۔ جس میں سائیکلنگ کا ٹریک لکڑی کا بنا ہوتا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ کم جگہ میں باآسانی گول چکر کاٹ کر مقابلے کا مطلوبہ ہدف پورا کیا جا سکے۔

خیبر پختونخوا میں بننے والے پہلے ویلوڈروم کا پس منظر

بین الاقوامی معیار کے اس جدید ویلوڈروم کا آئیڈیا سائیکلسٹ نثار احمد نے 2012 میں دیا تھا۔  نثار احمد 1985 سے 1994 تک سائیکلسٹ رہےاور موجودہ وقت میں خیبر پختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر ہیں۔

انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کے ساتھ بات چیت کے دوران بتایا کہ اگرچہ لاہور میں بھی ایک ویلوڈروم تقریباً پچھلے35سال سے موجود ہے لیکن اس کا ٹریک سیمنٹ کا بنا ہوا ہے۔

'جب کہ عالمی معیار کےسائیکل مقابلوں کے لیے بنائی گئی عمارتوں میں لکڑی کا گھیرا بچھایا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پشاور کے ویلوڈروم کوپاکستان کےپہلے جدید اور ووڈن ویلوڈروم کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے۔'

انہوں نے کہا کہ نئے سائیکل مقابلوں کی عمارت میں قومی سطح کے کھیلوں کے علاوہ جنوبی ایشائی ممالک کے کھلاڑیوں کے ساتھ بھی ٹاکرا ہوگا جس کا خیبر پختونخوا کے عوام بھرپور لطف اٹھائیں گے۔

'اس ویلوڈروم میں ریلوے،واپڈا اور دیگر  ادارے اپنے کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے۔ افغانستان کے کھلاڑی بھی یہاں آکر تربیت حاصل کر سکیں گے جس سے حکومت کو معاشی فائدہ ہوگا۔'

نثار احمد نے بتایا کہ سائیکل ڈروم پر کام تیز کرنے کے لیے پچھلے ڈائریکٹر جنرل کھیل جنید خان اور موجودہ ڈی جی اسفندیار خٹک اور موجودہ وزیراعلی نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے اس منصوبے کو مزید تاخیر سے بچایا ہے۔

خاتون سائیکلسٹ کا ویلوڈروم کے حوالے سے اظہار رائے

حلیمہ غیور دو بار نیشنل جونئیر سائیکلسٹس چیمپئن رہ چکی ہیں اور قومی سطح پر سائیکل کے مقابلوں میں کئی تمغے جیت چکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اور دیگر خواتین سائیکلسٹس ایک لمبے عرصے سے اس ویلوڈروم کا انتظار کر رہی تھیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے بتایا 'کیونکہ ہمیں مقابلوں کی تیاری کے لیے سڑکوں پر تربیت لینی پڑ رہی تھی۔ اور وہ بھی تب ہی جب مقابلے ہوتے تھے۔ ہم نماز فجر کے بعد چارسدہ روڈ پر پریکٹس کرتے تھے۔ ٹرالی، ٹرک اور دوسرے گاڑیوں کے بیچ ہم تربیت جاری رکھتے تھے۔ اب خواتین ایک محفوظ ماحول میں تربیت لے سکیں گی۔نہ زخمی ہونے کا احتمال ہوگا اور نہ ہی وقت کا کوئی مسئلہ ہوگا۔ خوشی ہے کہ اتنی بڑی سہولت ہمیں اپنے شہر میں مل رہی ہے۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل