بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ بھی کرونا سے متاثر، ایک وزیر ہلاک

دنیا میں اس وبا سے تیسرے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بھارت میں اتوار کو بھی 50 ہزار سے زیادہ نئے کرونا کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

55 سالہ امت شاہ نے چند روز قبل ہی وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔ (فائل تصویر: اے ایف  پی)

بھارت کے وزیر داخلہ امت شاہ میں کرونا (کورونا) وائرس کی تصدیق کے بعد انہیں اتوار کو نئی دہلی کے ایک ہسپتال میں داخل کروایا دیا گیا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کے قریبی ساتھی اور ملک کے سب سے طاقتور سیاستدان سمجھے جانے والے امت شاہ ایک ایسی کلیدی وزارت کے سربراہ بھی ہیں جو ملک میں کرونا کی وبا کے معاملات دیکھ رہی ہے۔ 

امت شاہ نے اپنی ایک ٹویٹ لکھا: ’میں ان تمام افراد سے درخواست  کرتا ہوں جو گذشتہ چند روز کے دوران مجھ سے قریب رہے ہیں کہ وہ خود کو آئیسولیٹ کرلیں اور کووڈ 19 کا ٹیسٹ کرائیں۔‘

این ڈی ٹی وی کے مطابق 55 سالہ امت شاہ نے چند روز قبل ہی وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔

دوسری جانب اس وبا کے باعث ہی اتر پردیش کی ایک وزیر اپنی زندگی کی بازی ہار گئیں۔ 62 سالہ کمل رانی ورون کا اتوار کی صبح لکھنؤ کے سنجے گاندھی پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں انتقال ہوگیا۔

اتوار کو ہی جنوبی ریاست تامل ناڈو کے گورنر بنواری لال پروہت میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جنہیں چنئی کے ایک ہسپتال میں داخل کروایا گیا۔

گذشتہ ہفتے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ وہ نو دن سے ہسپتال میں داخل ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دنیا میں اس وبا سے تیسرے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بھارت میں اتوار کو بھی 50 ہزار سے زیادہ نئے کرونا کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں اس مہلک وائرس سے چھ لاکھ 84 ہزار سے زیادہ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جب کہ ایک کروڑ 78 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

بھارت کی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ روز کے 57 ہزار 118 کیسز کے مقابلے میں ملک بھر میں اتوار کو 54 ہزار 735 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ مجموعی طور پر ساڑھے 17 لاکھ بھارتی اس مرض میں لاحق ہو چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق بھارت میں کرونا کے بڑھتے ہوئے بحران کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف جولائی میں ملک میں 11 لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

صحت کے ماہر رندیپ گلیریا نے کہا ہے کہ نئی دہلی اور ممبئی جیسے بڑے شہر شاید اس وبا کے عروج (Peak) سے گزر چکے ہیں۔ ان شہروں میں میٹرو ٹرین سروسز، سینما گھر اور دیگر عوامی سہولیات 31 اگست تک بند ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی صحت