اسرائیل اور یواے ای کرونا کی مشترکہ تحقیق کریں گے

اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے اعلان سے قبل بھی ایک اماراتی کمپنی دو اسرائیلی دفاعی کمپنیوں کے ساتھ کرونا وائرس کی نان انویسیو سکریننگ ٹیسٹ کے حوالے سے ایک معاہدہ کر چکی ہے۔

متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والی کمپنی اے پیکس نیشنل انویسٹمنٹ اور اسرائیلی کمپنی تیراگروپ نے ہفتے کو دبئی میں ایک 'سٹریٹیجک کمرشل معاہدے' پر دستخط کیے ہیں۔ (تصویر: بشکریہ وام)

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور اسرائیل سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں نے کرونا  (کورونا) وائرس سے متعلق مشترکہ تحقیق کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

دوسری طرف اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ٹیلی فونک رابطے بھی بحال ہو گئے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر برائے تزویراتی ابلاغ ہند العتیبہ نے اتوار کو ایک ٹویٹ میں بتایا: 'اماراتی وزیرخارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان اور ان کے اسرائیلی ہم منصب گابی اشکنازی نے دونوں ملکوں کے درمیان فون رابطے کا افتتاح کیا ہے۔'

اسرائیل اور متحدہ عرب امارات میں فون روابط کی بحالی کے ساتھ ہی بعض ویب سائٹس بھی ان بلاک کردی گئی ہیں۔ اسرائیل کی نیوز ویب سائٹ 'دا ٹائمز آف اسرائیل' بھی اتوار کو یو اے ای میں آن لائن دستیاب تھی۔ اس سے پہلے اماراتی حکومت نے اس ویب سائٹ کو ملک میں بلاک کر رکھا تھا۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق دونوں ممالک سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں نے کرونا وائرس کے حوالے سے تحقیق اور ریسرچ کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔

وام کے مطابق یہ کاروباری ڈیل متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات قائم کرنے کے اعلان کے کچھ دن بعد سامنے آئی ہے۔ متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والی کمپنی اے پیکس نیشنل انویسٹمنٹ اور اسرائیلی کمپنی تیراگروپ نے ہفتے کو دبئی میں ایک 'سٹریٹیجک کمرشل معاہدے' پر دستخط کیے ہیں۔

اے پیکس کے چیئرمین خلیفہ یوسف خوری کا کہنا ہے کہ 'ہم تیراگروپ کے ساتھ اس تعاون پر بہت خوش ہیں جو دونوں ممالک کے کاروباری شعبے میں پہلی ڈیل اور پارٹنرشپ ہے۔'

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اے پیکس ایک انویسٹمنٹ کمپنی ہے جو اپنی زیادہ تر توجہ صحت کے شعبے میں مرکوز رکھتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یوسف خوری کا کہنا ہے کہ 'یہ معاہدہ انسانیت کی خدمت کے مترادف ہوگا، جو کرونا کے حوالے سے تحقیق کو مزید بہتر کرے گا۔'

دونوں کمپنیوں نے جلد کرونا وائرس کا ریپڈ ٹیسٹ کرنے کے لیے کٹ ایجاد کرنے کی امید بھی ظاہر کی ہے۔

وام کے مطابق تیراگروپ کے چیئرمین اورین سادیو کا کہنا ہے کہ 'ہم اے پیکس کے ساتھ اپنے معاہدے پر بہت پرجوش ہیں اور امید کرتے ہیں کہ جلد اپنے طے شدہ مقاصد کو حاصل کرلیں گے جو کہ معاشی طور پر سب کے لیے فائدہ مند ہو گا۔'

اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے اعلان سے قبل بھی ایک اماراتی کمپنی دو اسرائیلی دفاعی کمپنیوں کے ساتھ کرونا کی نان انویسیو سکریننگ ٹیسٹ کے حوالے سے ایک معاہدہ کر چکی ہے۔

جولائی میں اماراتی کمپنی گروپ 42 نے اسرائیلی کی سرکاری ایروسپیس فرم اسرائیل ایروسپیس انڈسٹری اور حکومت کی رفائل ایڈوانسڈ ڈیفنس سسٹم کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا