اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ کا دورہ عرب امارات

اسرائیل - یو اے ای معاہدے کے بعد کسی اسرائیلی عہدیدار کی جانب سے متحدہ عرب امارات کا یہ پہلا دورہ ہے۔

(فائل فوٹو- اے ایف پی)

اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات معمول پر لانے اور تعاون بڑھانے کا معاہدہ طے پانے کے چند ہی دن بعد اسرائیلی انٹیلی جنس سروس (موساد) کے سربراہ یوسی کوہن نے ابو ظہبی کا دورہ کیا ہے۔

منگل کے روز اپنے دورے کے دوران خفیہ ایجنسی کے سربراہ یوسی کوہن نے متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زید النہیان سے ملاقات کی۔

اماراتی سرکاری میڈیا ڈبلیو اے ایم کے مطابق بات چیت کا موضوع سکیورٹی تعاون تھا۔ اسرائیل - یو اے ای معاہدے کے بعد کسی اسرائیلی عہدیدار کی جانب سے متحدہ عرب امارات کا یہ پہلا دورہ ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ ہفتے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے مابین اس معاہدے کا اعلان کیا تھا۔

گذشتہ ہفتے اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو نے خلیجی ریاستوں کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات استوار کرنے پر موساد کے سربراہ یوسی کوہن کا شکریہ ادا کیا تھا۔

اسرائیل کی جانب سے کیا گیا یہ تیسرا معاہدہ ہے جو مصر اور اردن کے بعد کسی عرب ملک کے ساتھ طے ہوا ہے۔ اس معاہدے کے بعد دوسرے عرب ممالک کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات میں پیشرفت کے امکانات بھی واضح ہوئے ہیں۔

اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون سمیت علاقائی پیش رفت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یاد رہے کہ اسرائیل اور یو اے ای میں سفارتی تعلقات 2010 میں اس وقت شدید تناؤ کا شکار ہو گئے تھے جب دبئی کے ایک ہوٹل میں حماس سے تعلق رکھنے والے محمود المبحوح کے قتل کا الزام مبینہ طور پر اسرائیلی ایجنسی موساد پہ لگایا گیا تھا۔

(اس رپورٹ میں خبررساں ادارے اے پی کی معاونت شامل ہے۔)

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا