عامر 'ڈریگن کا پسندیدہ خان' کیوں؟

انتہا پسند ہندوؤں کو بالی وڈ اداکار عامر خان پر چڑھائی کرنے کا ایک اور بہانہ مل گیا ہے۔

عامر خان چینی سپر سٹار ڈینگ چاؤ کے ساتھ (تصویر: عامر خان انسٹا گرام)

بالی وڈ سٹار عامر خان کافی عرصے تک بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے نفرت انگیز رویے کا شکار رہے ہیں لیکن اب ان کے پاس مسٹر پرفیکشنسٹ پر چڑھائی کرنے کی ایک اور وجہ ہے، اور وہ ہے چین میں ان کی مقبولیت۔

55 سالہ عامر خان چینی سمارٹ فون بنانے والی کمپنی 'ویوو' کے برانڈ ایمبیسیڈر ہیں اور 2016 میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم 'دنگل' کی وجہ سے بھی چین میں مشہور ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ رواں ہفتے انتہا پسند ہندو گروپ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے اپنے رسالے کے سرورق پر عامر خان کی تصویر شائع کی اور چین کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں 'ڈریگن کا پسندیدہ خان' قرار دیا۔

رسالے میں شائع کیے گئے مضمون میں ترکی کے ساتھ عامر خان کے تعلقات پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا گیا کہ 'وہ ان لوگوں سے دوستی قائم کررہے ہیں جو بھارت کے دشمن سمجھے جاتے ہیں۔'

واضح رہے کہ ترکی نے کشمیر کے معاملے پر بھارت پر تنقید کی تھی۔

ہفتہ وار رسالے کے ایڈیٹر ہتیش شنکر نے ایک نیوز ویب سائٹ کو بتایا: 'عامر خان چینی کمیونسٹ پارٹی کے نظام کے پسندیدہ لگتے ہیں اور حقیقت یہ ہے کہ ان کی فلمیں وہاں اتنا اچھا بزنس کرتی ہیں، جو اس بات کی نشاندہی ہے کہ چینی ریاست کی طرف سے ان کی تشہیر کی جارہی ہے۔'

بھارت اور چین کے مابین رواں برس جون میں متنازع ہمالیائی سرحد کی وادی گلوان میں ایک مہلک تصادم ہوا تھا، جس کے بعد بھارت میں چین کے خلاف دشمنی اور نفرت میں اضافہ ہوا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آر ایس ایس، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی نظریاتی رہنما جماعت ہے اور مودی آر ایس ایس کے تاحیات رکن ہیں۔

2014 میں مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے بی جے پی کی حکومت نے متعدد ایسی پالیسیاں نافذ کی ہیں، جن سے بھارت میں مقیم مسلمان اقلیت کو دیوار سے لگانے کا خدشہ پیدا ہوا۔

بالی وڈ میں مسلمان فلمی ستاروں کی ایک طویل روایت ہے اور تین خانوں عامر، سلمان اور شاہ رخ نے پچھلی تین دہائیوں سے باکس آفس پر غلبہ حاصل کر رکھا ہے۔

تاہم عامر خان اپنے واضح موقف کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے کئی فلموں میں اکثر ہندو یا سکھ ہیرو کا کردار بھی ادا کیا ہے۔ ان کا فین کلب بہت بڑا ہے، جس میں لاکھوں ہندو بھی شامل ہیں۔

2015 میں بھی عامر خان کو آن لائن نفرت انگیز مہم کا نشانہ بنایا گیا تھا، جب انہوں نے کہا تھا کہ ان کی اہلیہ کو بھارت میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کی وجہ سے اپنے بچوں کی حفاظت کا خدشہ ہے۔

عامر خان نے یہ بیان اس وقت دیا تھا جب بھارت میں مبینہ طور پر گائے کا گوشت کھانے کے الزام میں ایک مسلمان شخص کو ایک ہجوم نے تشدد کرکے ہلاک کردیا تھا۔

عامر خان کو اس وقت مزید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جب انہوں نے حال ہی میں ترکی میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران صدر رجب طیب اردوغان کی اہلیہ آمنہ اردوغان سے ملاقات کی تھی۔

اردوغان نے ہمیشہ کشمیر کے معاملے میں پاکستان کی حمایت کی ہے۔ یہ ایک متنازع علاقہ ہے، جس کی ملکیت کا بھارت اور پاکستان دونوں ہی دعویٰ کرتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فن