صدر ٹرمپ میں کرونا کی علامات ’بگڑنے‘ کا خدشہ، ہسپتال منتقل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد انہیں واشنگٹن کے باہر واقع والٹر ریڈ ملٹری ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کے کرونا نتائج اس وقت سامنے آئے جب صدر کی قریبی مشیر ہوپ ہکس میں جمعرات کو کرونا کی تشخیص ہوئی تھی (اے ایف پی)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد انہیں ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ کو جمعے کی شب وائٹ ہاؤس سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے واشنگٹن کے باہر واقع والٹر ریڈ ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا۔

اس موقعے پر انہوں نے سوٹ اور ماسک پہن رکھا تھا۔

ہسپتال منتقلی سے پہلے وائٹ ہاؤس میں ریکارڈ 18 سیکنڈ کی ویڈیو میں صدر ٹرمپ نے اس مرض پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ انہیں ہسپتال میں داخل کرایا جا رہا ہے لیکن ’مجھے لگتا ہے کہ میری طبعیت ٹھیک ہے۔‘

ٹوئٹر پر جاری کی گئی اس ویڈیو میں انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم اس بات کو یقینی بنانے جا رہے ہیں کہ چیزیں قابو میں رہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ خاتون اول بھی بہتر محسوس کر رہی ہیں۔

پریس سکریٹری کیلیگ میکینی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ طبی ماہرین نے ٹرمپ کو اگلے کچھ دن والٹر ریڈ ہسپتال میں عارضی طور پر قائم صدارتی کیمپ سے کام کرنے کی سفارش کی ہے۔

اس پیش رفت نے تین نومبر کو امریکی انتخابات پر سوالیہ نشان لگا دیے ہیں کیوں کہ ریپبلکن امیدوار اب شاید ہی مہم میں حصہ لے پائیں۔ جو بائیڈن کو پہلے ہی کچھ سروے میں ٹرمپ پر برتری حاصل تھی۔

دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے صدر ٹرمپ کو ہسپتال میں اس لیے داخل کرایا گیا ہے کیونکہ ان میں کرونا کی ہلکی علامتیں بگڑنے کا خدشہ ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق 74 سالہ صدر ٹرمپ کو اس وائرس سے زیادہ خطرہ ہے کیونکہ ان کی عمر زیادہ ہے اور ان کا وزن بھی زیادہ سمجھا جاتا ہے۔

صدارت کے دوران ان کی صحت اچھی رہی ہے تاہم وہ صحت مند غذا نہیں لیتے اور نہ ہی ورزش کرتے ہیں۔

اگرچہ ڈونلڈ ٹرمپ کے چیف آف سٹاف مارک میڈو نے کہا کہ صدر میں کرونا کی صرف معمولی علامات ظاہر ہوئی ہیں اور وہ بلند حوصلہ اور ہمت کا مظاہرہ کر رہے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تاہم بعد ازاں جمعہ کو ہی وائٹ ہاؤس کے معالج شان کونلی کے جاری کردہ ایک خط میں ان کے مرض کے متعلق سنگینی کا اندازہ ہوتا ہے۔

کونلی نے کہا کہ صدر ٹرمپ کو ریجنرون کے اینٹی باڈی کاکٹیل کی ایک خوراک دی گئی ہے، یہ علاج کلینیکل ٹرائلز سے گزر رہا ہے لیکن ابھی تک ان کو ریگولیٹرز نے منظور نہیں کیا۔

صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کے کرونا نتائج اس وقت سامنے آئے جب صدر کی قریبی مشیر ہوپ ہکس میں جمعرات کو کرونا کی تشخیص ہوئی تھی۔

ہکس منگل کو مینیسوٹا میں ہونے والے جلسے میں ٹرمپ کے ہمراہ تھیں۔ کہا جا رہا ہے کہ ان میں کرونا مرض کی علامات ظاہر ہوئی ہیں اور اب وہ واشنگٹن ڈی سی میں گھر پر ہیں۔

ہوپ ہکس کو حالیہ ہفتوں میں ٹرمپ کی ٹیم کے ساتھ ریلیوں میں ماسک کے ساتھ اور اس کے بغیر دیکھا گیا تھا اور وہ اس دوران صدر کے ساتھ ایئر فورس ون میں سفر کرتی رہی تھیں۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق 50 سالہ خاتون اول میں بھی ہلکی کھانسی اور سر درد جیسی علامتیں ظاہر ہوئی ہیں۔ وائٹ ہاؤس میں رہنے والے ٹرمپ کے صاحبزادے سمیت ٹرمپ خاندان کے باقی افراد کے کرونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

دوسری جانب ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن اور ان کی نائب کملا ہیریس کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ