امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ میں کرونا (کورونا) وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایک ٹویٹ میں صدر نے کہا: ’ہم اپنے قرنطینہ اور صحت یاب ہونے کے عمل کو فوری شروع کر رہے ہیں۔ ہم ایک ساتھ اس سے نمٹ لیں گے۔‘
74 سالہ صدر ٹرمپ کو اس وائرس سے زیادہ خطرہ ہے کیونکہ ان کی عمر زیادہ ہے اور ان کا وزن بھی زیادہ سمجھا جاتا ہے۔ صدارت کے دوران ان کی صحت اچھی رہی ہے تاہم وہ صحت مند غذا نہیں لیتے اور نہ ہی ورزش کرتے ہیں۔
صدر اور ان کی اہلیہ کے نتائج اس وقت سامنے آئے ہیں جب صدر کی قریبی مشیر ہوپ ہکس میں جمعرات کو کرونا کی تشخیص ہوئی۔
Tonight, @FLOTUS and I tested positive for COVID-19. We will begin our quarantine and recovery process immediately. We will get through this TOGETHER!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) October 2, 2020
’دی انڈپینڈنٹ‘ کے مطابق اس سے قبل صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ اپنی قریبی مشیر ہوپ ہکس میں کرونا کی تصدیق کے بعد اپنے کرونا (کورونا) وائرس ٹیسٹ کے نتیجے کا انتظار کر رہے ہیں۔
امریکی صدر نے ’فاکس نیوز‘ کے شین ہینیٹی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وائٹ ہاؤس میں ان کی مشیر میں جمعرات کو کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔
صدر کا کہنا تھا: ’ان کا مثبت ٹیسٹ آیا ہے۔ میں نے ابھی اس بارے میں سنا ہے۔‘
ہکس منگل کو مینیسوٹا میں ہونے والے جلسے میں ٹرمپ کے ہمراہ تھیں۔ کہا جا رہا ہے کہ ان میں کرونا مرض کی علامات ظاہر ہوئی ہیں اور اب وہ واشنگٹن ڈی سی میں گھر پر ہیں۔
ٹرمپ نے ہینیٹی سے کہا: ’ہم قرنطینہ ہوں گے یا نہیں، یا ہم اس میں مبتلا ہیں، میں نہیں جانتا۔ دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے۔ کوئی نہیں جانتا کہ کیا ہو گا۔‘
جمعے کو صدر ٹرمپ کی فلوریڈا میں ریلی شیڈول ہے اور ہفتے کے روز انہیں وسکونسن میں ایک تقریب سے خطاب کرنا ہے۔
تاہم بعد میں انہوں نے ٹویٹ کیا: ’ہوپ ہکس جو آرام کیے بغیر بھی اتنی محنت کر رہی ہیں، میں کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ خوفناک خبر ہے۔ خاتون اول اور میں اپنے کرونا ٹیسٹ کے نتائج کے منتظر ہیں۔ اس دوران ہم خود کو قرنطینہ کر رہے ہیں۔‘
Hope Hicks, who has been working so hard without even taking a small break, has just tested positive for Covid 19. Terrible! The First Lady and I are waiting for our test results. In the meantime, we will begin our quarantine process!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) October 2, 2020
اطلاعات ہیں کہ ان میں کرونا وائرس کی تصدیق کی خبر پہلی بار ’بلومبرگ‘ کی جینیفر جیکبز نے دی جنہوں نے ٹویٹ کیا: ’ ذرائع نے مجھے بتایا ہے کہ ہوپ ہکس، جو ٹرمپ کے ساتھ منگل کو صدارتی مباحثے کے لیے اور گذشتہ روز مینیسوٹا کے جلسے میں شرکت کے لیے ایئر فورس ون میں سوار تھیں، میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔‘
ہوپ ہکس کو حالیہ ہفتوں میں ٹرمپ کی ٹیم کے ساتھ ریلیوں میں ماسک کے ساتھ اور اس کے بغیر دیکھا گیا ہے۔
جیکبز نے مزید کہا: ’اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ہے کہ ٹرمپ کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں لیکن ان کی قریبی معاون ہوپ ہکس اس میں مبتلا ہیں اور وہ اس بیماری کی علامات کا سامنا کررہی ہیں۔ وہ حالیہ دنوں میں ماسک کے بغیر ان سے قربت میں تھی۔ مینیسوٹا سے واپسی پر وہ ایئر فورس ون پر سوار تھیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’دی انڈپینڈنٹ‘ کی طرف سے تبصرہ کے لیے درخواست پر وائٹ ہاؤس نے کہا: ’صدر اپنی، ان کے لیے کام کرنے والوں اور امریکی عوام کی صحت اور حفاظت کو سنجیدگی سے لیتے ہیں۔‘
’وائٹ ہاؤس آپریشنز نے صدر اور وائٹ ہاؤس ملٹری معالج کے ساتھ رابطہ کیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ تمام منصوبوں اور طریقہ کار کو موجودہ سی ڈی سی گائیڈ لائن اور کووڈ 19 سے ہر حد تک بچنے کے لیے کمپلیکس اور صدر کے سفر کے دوران بہترین طریقوں کو شامل کیا جائے۔‘
ہوپ ہکس صدر ٹرمپ کی قریبی معاون ہیں جو اس مرض کا شکار ہو گئی ہیں جس نے تقریباً 73 لاکھ امریکیوں کو متاثر کیا ہے اور دو لاکھ سات ہزار امریکیوں کی جان لے لی ہے۔
منگل کو اپنے ڈیموکریٹک حریف جو بائیڈن کے ساتھ پہلے صدارتی مباحثے میں صدر ٹرمپ نے اصرار کیا کہ ان کے متعدد انتخابی جلسوں کے انعقاد، جہاں معاشرتی فاصلے اور ماسک کے بغیر حامیوں کی شرکت، کے منفی نتائج برآمد نہیں ہوئے ہیں۔
ان کے کاروباری دوست اور سابقہ ریپبلکن صدارتی امیدوار ہرمین کین میں بھی کرونا کی تصدیق ہوئی تھی۔ وہ جون میں اوکلاہوما کے شہر ٹلسا میں ٹرمپ کی ریلی میں شرکت کے بعد انتقال کر گئے تھے، اس ریلی میں بھی متعدد شرکا نے ماسک نہیں پہنے ہوئے تھے۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ کین میں اس ریلی سے کرونا وائرس پھیلا تھا۔
صدر ٹرمپ کے قریبی عملے کا روزانہ کرونا وائرس کے لیے ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔
خود صدر ٹرمپ نے کئی بار ماسک پہننے کے خیال کا مذاق اڑایا ہے حالانکہ انہیں صرف ایک بار ہی ماسک کے ساتھ دیکھا گیا ہے۔ ان کے سی ڈی سی ڈائریکٹر ، رابرٹ ریڈ فیلڈ نے گذشتہ مہینے کیپیٹل ہل پر تصدیق کی تھی کہ ویکسین کے بجائے ماسک پہننا کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو کم کرنے کا ایک اور موثر طریقہ ہوسکتا ہے۔ ٹرمپ نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مسٹر ریڈ فیلڈ سے جو سوال پوچھا جارہا تھا وہ اسے سمجھنے سے قاصر رہے ہوں گے۔
ہوپ ہکس نے اپنی 2016 کی مہم میں پریس سیکرٹری بننے سے پہلے ٹرمپ آرگنائزیشن کے لیے کام کیا تھا۔
ٹرمپ کی فتح کے بعد وہ وائٹ ہاؤس میں سٹریٹجک مواصلات کی ڈائریکٹر اور بعد میں مواصلات کی ڈائریکٹر بن گئیں۔ مارچ 2018 میں مستعفی ہونے سے پہلے اس وقت کے کچھ ذرائع نے بتایا تھا کہ وہ کئی مہینوں سے اس کی منصوبہ بندی کر رہی تھیں۔
رواں سال مارچ میں وہ صدر کی مشیر کی حیثیت سے وائٹ ہاؤس واپس بلا لی گئیں۔