بڑھاپا روکنے والی پروٹین’ دریافت‘

خلا میں چوہوں پر تحقیق کے دوران سائنس دانوں نے جسم میں ایک ایسی پروٹین دریافت کر لی ہے جو بڑھاپے کو روکنے میں مدد دے سکتی ہے۔

مطالعہ کے لیے اپریل 2018 میں سپیس ایکس فالکن راکٹ کے ذریعے 12 چوہوں کو بین الاقوامی خلائی مرکز پہنچایا گیا تھا (پکسابے)

سائنس دانوں نے انٹرنیشنل سپیس سٹیشن (آئی ایس ایس) پر چوہوں پر کی گئی تحقیق میں ایک پروٹین دریافت کی ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ بڑھاپے سے بچنے اور الزہائمرز اور ذیابیطس جیسی بڑھاپے سے منسلک بیماریوں کے علاج کے لیے دواؤں کی تیاری میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

’جاپان ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق جاپان ایروسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی (جیکسا) اور ٹوہوکو یونیورسٹی کے مشترکہ مطالعے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ خلا میں رہتے ہوئے چوہوں میں جو حیاتیاتی تبدیلیاں آئیں وہ عمر بڑھنے کی طرح ہی تھیں لیکن یہ بہت تیزی سے وقوع پذیر ہو گئیں۔

جیکسا کے مطابق چوہوں میں پیدا ہونے والی Nrf2 نامی پروٹین نے اس تبدیلی کے ایک حصے کو سست کردیا تھا۔ جس سے مستقبل میں خلائی مشنز کے دوران خلابازوں کو فائدہ ہو سکتا ہے کیونکہ اس سے خلائی سفر سے منسلک صحت کے خطرات کو کم کرنے کے لیے علاج ممکن بنانے میں مدد ملے گی۔

مطالعہ کے لیے اپریل 2018 میں سپیس ایکس فالکن راکٹ کے ذریعے 12 چوہوں کو بین الاقوامی خلائی مرکز پہنچایا گیا تھا جہاں ان ننھے جانوروں نے 31 دن گزارے۔

اضافی تابکاری سمیت سپیس فلائٹ سے پیش آنے والے دیگر عوامل سے جسم میں ایسے ہی بگاڑ پیدا ہوتے ہیں جن کا بڑھاپے میں سامنا ہوتا ہے، جیسے ہڈیوں کی کثافت میں کمی۔

مطالعے کے لیے ایک درجن چوہوں میں سے نصف میں Nrf2 پیدا نہ ہونے دینے کے لیے جینیاتی طور پر انجینیئرنگ کی گئی جبکہ باقی آدھے چوہوں کو ایسے ہی چھوڑ دیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مطالعے سے پتہ چلا کہ ان دو گروہوں میں سے Nrf2 پروٹین کے بغیر چوہوں کی عمر میں اضافے جیسی تیز رفتار تبدیلیاں دیکھنے میں آرہی تھیں جبکہ دیگر چھ میں یہ تبدیلی کم دیکھنے میں آئی۔

محققین کے مطابق خلا میں بھجنے سے پہلے تمام چوہوں کا پہلے سے وزن بڑھ رہا تھا لیکن خلا میں پہنچنے کے بعد Nrf2 پروٹین پیدا نہ کرنے والے چوہوں کا وزن بڑھنا رک گیا، قابل ذکر بات یہ ہے کہ دونوں گروپوں کے چوہوں کو ایک ہی مقدار میں ایک جیسا کھانا اور پانی دیا گیا۔

ٹوہوکو یونیورسٹی میں میڈیکل بائیو کیمسٹری کے پروفیسر اور اس مطالعے کے مصنفین میں سے ایک، ماسایوکی یاماموٹو نے کہا کہ نتائج نے خلا میں پیدا ہونے والے تناؤ کے اثرات کی نشاندہی کرنے میں Nrf2 کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ 

محققین کا خیال ہے کہ کہ بڑھاپے کے اثرات اور چوہوں میں نوٹ کی جانے والی خون کی تبدیلی کے مابین مماثلت سے ثابت ہوتا ہے کہ Nrf2 زمین پر عمر بڑھنے کے عمل کو سست کرنے میں ایک اہم ایجنٹ کا کردار ادا کر ہو سکتا ہے۔

یاماموٹو اور جاپانی محققین کی ٹیم نے ستمبر 2020 میں ’نیچر‘ جریدے میں چوہوں پر خلائی سفر کے اثرات کے بارے میں اپنی تحقیق پر ایک مطالعہ شائع کیا تھا۔

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی تحقیق