دورہ نیوزی لینڈ: آٹھویں پاکستانی کھلاڑی میں کرونا کی تصدیق

نیوزی لینڈ کے محکمہ صحت نے بتایا کہ پاکستانی سکواڈ میں کرونا کا ایک نیا تصدیق شدہ کیس سامنے آیا ہے جبکہ مزید دو ارکان کی تشخیص کی جارہی ہے۔

پاکستان نے آکلینڈ میں 18 دسمبر کو پہلے ٹوئنٹی 20 میچ سے اپنے نیوزی لینڈ دورے کا باقاعدہ آغاز کرنا ہے (اے ایف پی فائل فوٹو)

نیوزی لینڈ کے محکمہ صحت نے بدھ کو بتایا کہ پاکستان کے کرکٹ سکواڈ کے آٹھویں رکن میں بھی کوویڈ 19 کی تشخیص ہوئی ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم ان دنوں کرائسٹ چرچ میں قرنطینہ کے عمل سے گزر رہی ہے۔ محکمہ صحت نے ایک بیان میں بتایا کہ ’پاکستانی سکواڈ میں کرونا کا ایک نیا تصدیق شدہ کیس سامنے آیا ہے اور مزید دو ارکان کی تشخیص کی جارہی ہے۔‘ گذشتہ ہفتے سکواڈ میں شامل سات ارکان کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

محکمہ صحت نے کہا کہ ملک کے دورے پر آئے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں کو اس وقت تک ایک ساتھ ٹریننگ کی اجازت نہیں دی جائے گی جب تک ڈاکٹروں کو یقین نہیں آتا کہ ٹیم سے کرونا وائرس کے مزید کیسز نہیں پھیلیں گے۔

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ایشلے بلوم فیلڈ ہوٹل میں مقیم پاکستانی سکواڈ کو سماجی دوری کے پروٹوکولز کی دھجیاں اڑانے پر ٹیم کو ’آخری انتباہ‘ جاری کر چکے ہیں۔ تاہم اس وارننگ کے بعد مزید خلاف ورزیوں کی اطلاع نہیں ملی۔

گذشتہ ہفتے چھ کیسز میں سے دو پاکستانی کھلاڑیوں میں پرانے وائرس پائے گئے یعنیٰ وہ متعدی نہیں تھے جبکہ دیگر چار میں سرگرم وائرس موجود تھا۔ ہفتے کو سکواڈ کے ساتویں ممبر میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی سربراہی میں 53 رکنی سکواڈ 24 نومبر کو کرائسٹ چرچ پہنچا، یہاں وہ ملکی قانون کے مطابق دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں رہنے کے پابند ہیں۔

لاہور سے روانگی سے قبل پورے سکواڈ کے کرونا ٹیسٹس منفی آئے تھے۔ پاکستانی ٹیم کو آکلینڈ میں 18 دسمبر کو پہلے ٹوئنٹی 20 میچ سے اپنے دورے کا باقاعدہ آغاز کرنا ہے۔ تاہم اس پیش رفت کے باعث یہ دورہ غیر یقینی کا شکار بھی ہو سکتا ہے۔

نیوزی لینڈ نے کرونا کی وبا پر بڑے پیمانے پر قابو پا لیا ہے، جہاں 50 لاکھ آبادی میں صرف 1704 کیسز اور 25 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ