دس کھلاڑیوں میں کرونا کی تصدیق، پاکستان ٹیم کو پریکٹس کی اجازت نہ ملی

کرائسٹ چرچ میں قرنطینہ کے دوران پاکستان ٹیم گذشتہ ہفتے سے اپنے ہوٹل کے کمروں تک محدود ہے لیکن انہیں امید تھی کہ منگل تک انہیں تنہائی میں ٹریننگ دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔

پاکستان کے 53 رکنی سکواڈ میں شامل دس افراد میں دو ہفتوں کے دوران کووڈ 19 کی تصدیق ہو چکی ہے (اے ایف پی/ فائل فوٹو)

نیوزی لینڈ کے دورے پر گئے پاکستانی سکواڈ میں شامل دس کھلاڑیوں میں کرونا کی تصدیق کے بعد نیوزی لینڈ کے صحت کے حکام نے پاکستان کی کرونا وائرس سے متاثرہ کرکٹ ٹیم کو ٹریننگ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ 

کرائسٹ چرچ میں قرنطینہ کے دوران پاکستان ٹیم گذشتہ ہفتے سے اپنے ہوٹل کے کمروں تک محدود ہے لیکن انہیں امید تھی کہ منگل تک انہیں تنہائی میں ٹریننگ دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔

تاہم میزبان ملک کے صحت کے حکام نے بتایا کہ ٹیم میں مزید انفیکشن پھیلنے کا خطرہ بہت زیادہ ہے۔ 53 رکنی سکواڈ میں شامل دس افراد میں دو ہفتوں کے دوران کووڈ 19 کی تصدیق ہو چکی ہے۔

نیوزی لینڈ کے ڈائریکٹر جنرل برائے صحت ایشلے بلوم فیلڈ نے ایک بیان میں کہا: ’میں نے اس صورت حال کا باریک بینی سے جائزہ لیا ہے اور اس وقت مجھے پاکستانی سکواڈ میں کراس انفیکشن کے خطرے سے متعلق تشویش ہے۔‘
بلوم فیلڈ نے کہا کہ پاکستانی سکواڈ میں پائے جانے والے فعال وائرس کی تعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں ٹریننگ کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا: ’کووڈ 19 کے حوالے سے ردعمل میں صحت عامہ ہماری اولین ترجیح رہے گی چاہے اس سے کو فرد یا ٹیم ہی متاثر کیوں نہ ہو۔ ہم اس فیصلے سے مہمان ٹیم کے لیے پیدا ہونے والے چیلنجز پر ان کی ستائش کرتے ہیں۔‘

ٹریننگ کی اجازت نہ ملنے کے فیصلے کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان کے کرکٹرز کے پاس اپنے پہلے میچ کی تیاری کے لیے صرف 10 دن باقی رہ جائیں گے اور جب آکلینڈ کے سفر کی بات کی جائے تو شاید اس سے بھی کم دن۔

ایشلے بلوم فیلڈ ہوٹل میں مقیم پاکستانی سکواڈ کو سماجی دوری کے پروٹوکولز کی دھجیاں اڑانے پر ٹیم کو ’آخری انتباہ‘ جاری کر چکے ہیں۔ تاہم اس وارننگ کے بعد مزید خلاف ورزیوں کی اطلاع نہیں ملی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گذشتہ ہفتے چھ کیسز میں سے دو پاکستانی کھلاڑیوں میں پرانے وائرس پائے گئے یعنیٰ وہ متعدی نہیں تھے جبکہ دیگر چار میں سرگرم وائرس موجود تھا۔ ہفتے کو سکواڈ کے ساتویں اور بدھ کو آٹھویں ممبر میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ جمعے تک یہ تعداد بڑھ کر دس ہو چکی ہے۔

پاکستانی ٹیم 24 نومبر کو نیوزی لینڈ پہنچی تھی اور انھیں یہاں تین ٹی 20 اور دو ٹیسٹ کھیلنا ہیں۔

لاہور سے روانگی سے قبل پورے سکواڈ کے کرونا ٹیسٹس منفی آئے تھے۔ پاکستانی ٹیم کو آکلینڈ میں 18 دسمبر کو پہلے ٹوئنٹی 20 میچ سے اپنے دورے کا باقاعدہ آغاز کرنا ہے۔ 

نیوزی لینڈ نے کرونا کی وبا پر بڑے پیمانے پر قابو پا لیا ہے، جہاں 50 لاکھ آبادی میں صرف 1704 کیسز اور 25 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ