مدارس میں کرونا کا کوئی کیس نہیں لہٰذا ان میں تدریس جاری ہے: مہتمم

حکومت نے 26 نومبر سے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اس وقت دینی مدارس میں تدریس جاری ہے۔

پاکستان کی حکومت نے کرونا وبا کی دوسری لہر کی روک تھام کے غرض سے تمام تعلیمی ادارے 26 نومبر سے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے 23 نومبر کو اس حوالے سے اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمام تعلیمی ادارے بشمول دینی مدارس 24 دسمبرتک بند ہوں گے۔

اس فیصلے پر ملک کے تمام مسلکوں کے دینی مدارس کے اتحاد تنظیم المدارس پاکستان نے، جس میں وفاق المدارس العربیہ، تنظیم المدارس اہلسنت، وفاقی المدارس السلفیہ، رابطہ المدارس اور وفاق المدارس الشیعہ شامل ہیں، عمل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم اس وقت دینی مدارس میں درس وتدریس کا سلسلہ جاری ہے۔

دارالعلوم اسلامیہ عربیہ شیرگڑھ کے مہتمم اور سابق رکن قومی اسمبلی مولانا محمد قاسم نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ابتدا سے دینی مدارس نے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے تمام تدریسی عمل چھ، سات مہینے تک بند رکھا اور جب حکومت نے اجازت دی تو دیگر تعلیمی اداروں کی طرح مدارس بھی کھول دیے گئے۔’اب دوبارہ کرونا وبا کی بات ہو رہی ہے تو میرے مدرسے میں ایس اوپیز کے تحت تعلیم دی جا رہی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ مدرسے بند کرنے کے حوالے سے انہیں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے اعلان کا انتظار ہے۔’ہم بڑے علما کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں کیا حکم دیں گے۔ اگر وہ کہیں گے تو مدارس بند کر دیے جائیں گے۔‘ انہوں نے بتایا کہ اب تک ان کے مدرسے میں کرونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ ’پورے پاکستان کے مدارس سے کوئی ایسا کیس رپورٹ نہیں ہوا، اسی لیے مدارس کھلے ہیں اور آئندہ بھی احتیاطی تدابیر کے ساتھ کھلے رہیں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے بتایا کہ 1952 سے چلنے والے ان کے مدرسے میں زیر تعلیم  تین ہزارکے قریب طلبہ کا سالانہ چار کروڑ روپے خرچہ مدرسے کے منتظمیں کے ذمے ہے۔ ’حکومت مدارس کو اپنے اوپر ایک احسان سمجھے کہ مدارس نے لاکھوں طلبا و طالبات کو تعلیم دینے کا بیڑا اپنے سر اٹھا رکھا ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت مدارس کے ساتھ کوئی تعاون نہیں کرتی اور نہ ہم حکومت سے امداد کا مطالبہ کرتے ہیں کیونکہ ہمارا اصول ہے کہ سرکاری تعاون کو قبول نہ کریں اور مدارس کی اخراجات عوام کی مدد سے پورے کریں۔

وفاقی المدارس العربیہ پاکستان کی ویب سائٹ کے مطابق اس وقت ملک کے ساڑھے 21 ہزار سے زائد مدارس میں زیرتعلیم طلبہ کی تعداد 18لاکھ 50ہزار524 اور طالبات کی تعداد10لاکھ، 16 ہزار33 ہے۔ پاکستان میں وفاق المدارس العربیہ کے علاوہ دیگر مسلکوں کے دینی مدارس کے بورڈز کے زیرانتظام بھی ہزاروں مدارس چل رہے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان