دورہ نیوزی لینڈ: پاکستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شکست

پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں برتری قائم کرلی۔

(تصویر: اے ایف پی)

دورہ نیوزی لینڈ کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ریگولر کپتان بابر اعظم کی غیر موجودگی میں شاداب خان نے جب جمعے کو ایڈن پارک کی پچ پر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو یہ خاصا حیران کن تھا کیونکہ پاکستان کی بیٹنگ زیادہ مضبوط نہیں ہے۔

دو نئے اوپنرز محمد رضوان اور عبداللہ شفیق کے لیے پہلا میچ کچھ اچھا نہ رہا۔ عبداللہ صفر پر آؤٹ ہوگئے جبکہ نئے آنے والے حیدرعلی اور محمد حفیظ بھی جلد ہی آؤٹ ہوگئے۔ پاور پلے میں  20 رنز پر 4 وکٹ کا نقصان پاکستان کو ابتداء میں ہی بیک فٹ پر لے گیا۔

رضوان بھی اپنی 17 رنز کی اننگز میں پریشان نظر آئے اور بحیثیت اوپنر ان کی کارکردگی غیر تسلی بخش رہی۔

ایسا لگتا تھا کہ پاکستان 100 رنز سے بھی کم پر آؤٹ ہوجائے گا تاہم کپتان شاداب خان نے عمدہ بیٹنگ کی اور پہلے عماد وسیم کے ساتھ 40 رنز کی پارٹنرشپ اور پھر فہیم اشرف کے ساتھ 35 رنز کی رفاقت نے پاکستان کا سکور 114 رنز تک پہنچادیا۔ شاداب نے 42 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی۔

آخری اوورز میں فہیم اشرف کی کوششوں سے پاکستان 153 رنز کا مجموعہ سجانے میں کامیاب ہوگیا جو ایک مرحلے پر 100 سے کم نظر آرہا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نیوزی لینڈ کی طرف سے آج جیکب ڈفی نے شاندار بولنگ کی اور 33 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

ان کے علاوہ سکوٹ کوگل لائن نے بھی عمدہ بولنگ کی اور 3 وکٹیں لیں۔

نیوزی لینڈ کے لیے 154 رنز کا ہدف آسان تھا جو اس نے باآسانی 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے وکٹ کیپر ٹم سائیفرٹ نے 57 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ ان کے ساتھ مارک چیپمین نے بھی عمدہ بیٹنگ کی اور 34 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے آج حارث رؤف اور شاہین شاہ ہی اچھی بولنگ کرسکے۔ حارث نے 3 اور شاہین شاہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

تاہم پاکستان کی فیلڈنگ آج بہتر رہی۔ شاداب خان اور فہیم اشرف نے دو مشکل کیچ لیے، لیکن فہیم ایک آسان کیچ ڈراپ کرگئے۔

پاکستانی بلے باز آج نیوزی لینڈ کے بولرز کی شارٹ پچ گیندوں پر پریشان نظر آئے۔ ٹاپ آرڈر جس طرح ایکسٹرا باؤنس سے نمٹنے میں ناکام نظر آیا، اس سے نیوزی لینڈ کو خاصی تقویت ملی ہوگی کیونکہ کیوی بولرز کا خاص ہتھیار باؤنسی بولنگ ہے۔

پاکستان کے کوچ یونس خان کے لیے سخت امتحان ہوگا کہ وہ کس طرح اس صورت حال میں بلے بازوں کی تربیت کرتے ہیں۔

پاکستان کی طرف سے آج بولنگ میں وہاب ریاض اور شاداب خان کچھ زیادہ متاثر نہ کرسکے۔

پاکستان ممکنہ طور پر ہملٹن کے اگلے میچ میں محمد حسنین کو ان کی جگہ موقع دے سکتا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کا اگلا میچ اتوار کو ہملٹن میں کھیلا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ