سابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کو نیب نے گرفتار کر لیا

نیب اسلام آباد کے ترجمان نوازش علی نے خواجہ محمد آصف کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں آمدن سے زیادہ اثاثے رکھنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ 

(اے ایف پی)

 قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئیر رہنما اور سابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کو اسلام آباد میں گرفتار کر لیا ہے۔ 

نیب اسلام آباد کے ترجمان نوازش علی نے انڈپینڈنٹ اردو کی جانب سے واٹس ایپ کے ذریعے پیغام کے جواب میں خواجہ محمد آصف کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں آمدن سے زیادہ اثاثے رکھنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ 

خواجہ محمد آصف پاکستانی پارلیمان کے ایوان زیریں-قومی اسمبلی کے رکن ہیں۔ 

مسلم لیگ نواز کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے میڈیا کو بتایا کہ خواجہ آصف کو اسلام آباد میں احسن اقبال کے گھر کے باہر سے گرفتار کیا گیا ہے۔ 

مسلم لیگ نواز کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ خواجہ آصف کو پارٹی کے ایک اہم مشاورتی اجلاس کے بعد نیب اہلکاروں نے حراست میں لیا۔ 

انہوں نے کہا کہ احسن اقبال کے گھر پر مسلم لیگ نواز کا اجلاس ہوا جس میں پی ڈی ایم کی احتجاجی تحریک اور اسمبلیوں سے استعفے دینے سے متعلق مشاورت ہوئی۔ 

مسلم لیگ نواز ذرائع کے مطابق خواجہ آصف اجلاس کے اختتام پر احسن اقبال کے گھر سے باہر نکلے تو کچھ لوگ ان کے پاس آئے اور خود کو نیب اسلام آباد کے اہلکاروں کی حیثیت سے متعارف کرواتے ہوئے کہا کہ آپ کے لیے گاڑی تیار ہے۔ 

پی ایم ایل این ذرائع نے مزید کہا کہ خواجہ آصف گزشتہ کچھ دنوں سے ان کی گرفتاری کی توقع کر رہے تھے اور ذہنی طور پر تیار تھے۔ 

نیب ذرائع کے مطابق خواجہ آصف کو بدھ کو اسلام آباد میں احتساب عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یاد رہے کہ 2018 میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے خواجہ آصف کو دبئی میں اپنی ملازمت اور وہاں سے حاصل ہونے والی تنخواہ کا 2013 کے انتخابات کے لیے جمع کرائی گئی دستاویزات میں ذکر نہ کرنے پر نااہل قرار دیا تھا۔

ان کے خلاف اسلام آباد کورٹ میں درخواست تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے دائر کی تھی تاہم بعد میں سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔

نیب ذرائع کے مطابق خواجہ آصف دبئی سے حاصل ہونے والے بائیس کروڑ روپے کے ذرائع بتانے میں ناکام رہے تھے۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز  نے خواجہ آصف کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف کو فورا رہا کر دیا جائے ورنہ معاملات کہیں سے کہیں چلے جائیں گے۔
مسلم لیگ کے اجلاس کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالتوں کو ایسے معاملات پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ نواز اور پی ڈی ایم خواجہ آصف کی گرفتاری کا سخت ردعمل دے گی۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کو نواز شریف کے بیانیے سے پیچھے ہٹنے کو کہا گیا اور جب انہوں نے ایسا نہیں کیا تو انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان