’ہم نے کر دکھایا‘: گیلانی کی فتح پر اپوزیشن خوش

سینیٹ الیکشن میں اسلام آباد کی نشست سے کامیاب ہونے والے یوسف رضا گیلانی کی اس فتح پر اپوزیشن جماعتوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے عبدالحفیظ شیخ کے مقابلے میں 169 ووٹ لے کر اسلام آباد سے سینیٹ نشست جیتی (فائل تصویر: اے پی )

سینیٹ الیکشن 2021 میں بدھ کو اس وقت بڑا اپ سیٹ دیکھنے کو ملا، جب پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اور اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے حکومتی امیدوار اور وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ  کو شکست دے کر اسلام آباد کی نشست جیت لی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پی ڈی ایم اور بالخصوص یوسف رضا گیلانی کی اس فتح پر اپوزیشن جماعتوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

پی ڈی ایم میں شامل جماعت مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹر پر ’ووٹ چور کرسی چھوڑ‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے لکھا: ’جعلی مینڈیٹ عوام کے نمائندوں نے واپس چھین لیا۔ اپنے ہی لوگوں نے دباؤ کے باوجود آٹا چور، چینی چور، بجلی چور، ووٹ چور عوام کے مجرم عمران خان کو ووٹ دینے سے انکار کر دیا۔‘

مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا: ’تمھارے پاس اب وزیر اعظم ہاؤس پر قابض رہنے کا کوئی جواز نہیں۔‘

مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی۔

یوسف رضا گیلانی کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس فتح پر اپنا مشہور زمانہ جملہ دہرایا: ’جمہوریت بہترین انتقام ہے۔‘

یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے قاسم گیلانی نے ایک پرجوش ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’ہم نے کر دکھایا۔‘

انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں اپنے والد کی فتح کا نوٹیفکیشن بھی شیئر کیا۔

مسلم لیگ ن کے ہی رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے بھی وزیراعظم عمران خان کو گھر جانے کا مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ قومی اسمبلی سے تحریکِ انصاف کے سینیٹ نشست ہارنے کے بعد عمران خان کے پاس لیڈر آف ہاؤس رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں بچتا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’جس مغربی معاشرے کی مثالیں دیتے وہ تھکتے نہیں، اس معاشرے کی روایت کے مطابق عمران خان فوری استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔‘

مسلم لیگ ن کی ہی سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے لکھا: ’پی ڈی ایم امیدوار یوسف رضا گیلانی کی جیت اختتام کا آغاز اور عمران خان اور پی ٹی آئی پر عدم اعتماد کا واضح ووٹ ہے۔‘

 

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست