پیپلز پارٹی کا آج اہم اجلاس: پی ڈی ایم کے نوٹس پر غور متوقع

پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس کراچی میں ہونے جا رہا ہے جس میں پی ڈی ایم کی جانب سے ملنے والے اظہار وجوہ کے نوٹس پر غور متوقع ہے۔

سی ای سی کا یہ اجلاس پہلے پانچ اپریل کو منعقد ہونا تھاجو موخر کر دیا گیا (اے ایف پی)

سابق حکمراں جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اہم اجلاس آج (اتوار کو) کراچی میں ہو رہا ہے۔

سی ای سی کا یہ اجلاس پانچ اپریل کو منعقد ہونا تھا جس میں حزب اختلاف کی نو جماعتوں پر مشتمل سیاسی اتحاد پاکستان جمہوری تحریک (پی ڈی ایم) کی جانب سے اسمبلیوں سے استفعوں کی تجویز پر غور ہونا تھا۔ تاہم یہ اجلاس موخر کر دیا گیا۔

سی ای سی کے اجلاس کی نئی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے پی پی پی کے سیکریٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے کہا تھا کہ جو لوگ کوویڈ-19 کی وجہ سے کراچی نہیں پہنچ سکے وہ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

آج کے اجلاس میں پی ڈی ایم کی جانب سے دیے جانے والے اظہار وجوہ کے نوٹس پر غور متوقع ہے۔

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے چناؤ کے معاملے پر بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) سے ووٹ لینے پر پی ڈی ایم نے دو جماعتوں پی پی پی اور عوامی نینشل پارٹی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے سات روز میں جواب طلب کیا تھا۔

اے این پی نے شوکاز نوٹس کے ردعمل میں پی ڈی ایم سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ پیپلز پارٹی اس حوالے سے کیا فیصلہ کرتی ہے اس بابت یہ اجلاس اہم مانا جا رہا ہے۔

پی ڈی ایم کے شوکاز نوٹس پر پی پی پی کا موقف واضح ہے کہ یہ جماعت نہ تو کسی دوسری سیاسی جماعت کو جواب دہ ہے اور نہ ہی کسی سیاسی جماعت کے ماتحت۔

پی ڈی ایم میں پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن اہم ترین سیاسی جماعتیں ہیں۔ اتحاد میں شدید اختلافات کی وجہ بھی انہی دو جماعتوں کے درمیان پارلیمان سے استعفوں پر اختلاف تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پی ڈی ایم کے ایک سربراہی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپوزیشن اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ نو جماعتیں اسمبلیوں سے استعفوں کے حق میں ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کو اس سوچ پر تحفظات ہیں۔

’پی پی پی نے وقت مانگا ہے کہ ہم پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی سے رجوع کریں گے اور پھر پی ڈیم کو اپنے فیصلے سے آگاہ کریں گے۔‘  اسی وجہ سے 26 مارچ کا لانگ مارچ ملتوی کر دیا گیا تھا۔

اس موقعے پر پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی قیادت سے گزارش کی گئی کہ انہیں وقت دیں، سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کا پہلا سیشن استعفوں کے حق میں نہیں تھا۔

’ہم اس سلسلے میں سی ای سی کی طرف جائیں گے لیکن سی ای سی کو اب اس پر فیصلہ لینے کی ضرورت نہیں تاہم نوٹس کا جواب ضرور دینا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست