جیسے شادی کو جوا کہا جاتا ہے اسی طرح جب میں کافی بڑا تھا تب تک یہ سمجھتا تھا کہ اچھی گاڑی مل جانا بھی ایسا ہی کوئی تکا ہے۔
تھوڑی سی آنکھیں کھولنے اور بہت زیادہ رگڑے کھانے کے بعد پتہ چلا کہ ایسا بالکل نہیں ہے۔
سیکنڈ ہینڈ گاڑیوں کی بات پھر کریں گے، اس وقت کسٹمر کی آنکھیں پھیلی ہوئی ہیں نت نئی کمپنیاں دیکھ کے، پہلے نئی کار کا دھندہ نمٹائیں۔
مرسیڈیز، آڈی، جیگوار، شیورلیٹ ۔۔۔ یہ گاڑیاں خریدنا ہر بندے کا خواب ہوتا ہے۔ وہ شہزادہ بھی لینا چاہتا ہے جو نیٹ پہ ان کی پیٹرول ایوریج چیک کر رہا ہوتا ہے۔ جائیں ایک اور سرچ لگا کے دیکھیں، دنیا میں سب سے زیادہ قابل اعتبار انجن کن گاڑیوں کے ہیں؟ موسٹ ریلائے ایبل کار برانڈز، یہ ڈھونڈیے۔
اپن لوگ ٹش پش پہ مر جاتے ہیں۔ بھائی ایک بات بتائیں، بیچ موٹروے کے گاڑی کھڑی ہو گئی، فیملی ساتھ ہے، گرمیوں کے دن ہیں، مستری پہلے تو ملا نہیں، مل گیا تو سر کھجا رہا ہے، فالٹ سمجھ نہیں آتا، رات آ جاتی ہے، کیا کریں گے؟ بچوں کو بس پہ بھیجیں گے؟ گاڑی لدوا کے بڑے شہر بھیجیں گے جہاں اس برانڈ کی ورکشاپ ہو گی؟ چاٹنا ہے ایسی گاڑی کو؟
مجھے لاکھوں میں جو بات پڑی آپ مفت رکھ لیں، ہم گاڑی نہیں خریدتے لیگیسی خریدتے ہیں۔ لیگیسی بولے تو نسل در نسل قابل اعتبار ہونے کا سرٹیفیکیٹ!
ابھی جتنی نئی گاڑیاں آ رہی ہیں ان کے سپیئر پارٹس کہاں دستیاب ہیں؟ ان کے ماہر مستری کیا ہر جگہ ملیں گے؟ کیا ان گاڑیوں کی انٹرنیشنل رینکنگ میں کوئی جگہ ہے؟ ان کا انجن دنیا بھر میں پائیداری کے حساب سے کس نمبر پہ ہے؟ ان کے کون سے ماڈل کامیاب کہلائے گئے ہیں کبھی چیک کیا ہے؟ مرشدو خدا دا واسطہ جے کوئی کم دی چیز وی سرچ کر لیا کرو!
ہونڈا پہلے نمبر پہ، ٹویوٹا دوسرا نمبر ۔۔۔ یہ کٌل کہانی ہے۔ سوزوکی بھی کافی دور ہے رینکنگ میں۔ صرف یہ دو کمپنیاں!
اپنے فلسفے روز بگھارتا ہے بندہ، آج کام کی بات سہی۔
انجن کی پائیداری کیا ہوتی ہے؟ سادہ ترین زبان میں یہ کہ تیل پانی ٹھیک سے ڈالتے رہنے پر تقریبا تین لاکھ کلومیٹر چل جائے۔ بین الاقوامی سٹینڈرڈ اس سے بارہ ہزار کلومیٹر اوپر ہے، پاکستان کے حساب میں وہ نکال بھی دیں پھر بھی تین لاکھ کلومیٹر لائف کس انجن کی دماغ میں آتی ہے؟ لوگ کرولا چھیاسی، اٹھاسی، انڈس، دنبہ شیپ سے کیوں چپکے ہوئے ہیں؟ چھیانوے سوک کیوں کھینچے پھرتے ہیں؟ چھتیس مثالیں ہیں، بلکہ وہ مارگلہ دیکھ لیں، ایکسیپشنل ماڈل تھا سوزوکی میں، یہ پائیداری ہوتی ہے، یہ کامیاب ماڈل ہوتے ہیں!
قسم سے کوئی کمپنی پیسے دے تو میں کھا بھی لوں گا یار لیکن آج تک افسوس ایسا ہوا نہیں، صرف اس چکر میں لکھ رہا ہوں کہ میرے جیسا کوئی مڈل کلاسیا رل نہ جائے۔
آپ کبھی موٹر وے یا جی ٹی روڈ سے گزرتے ہوئے دیکھیں کون سی گاڑیاں سب سے زیادہ نظر آتی ہیں۔ ہونڈا یا ٹویوٹا ہونڈا اگر کھڑی ہو گی تو مالک ریڈی ایٹر کا ڈھکن ہاتھ میں لیے گھوم رہا ہو گا، پانی نہ ڈالنا اس کا اپنا قصور ہے ورنہ موبل آئل آدھا بھی ہو تو انجن گھر پہنچا دیتا ہے، اور یہ صرف ذاتی تجربہ نہیں اس کے ثبوت بھی نیٹ پہ ہی موجود ہیں۔
ایک ویڈیو شاید آپ نے بھی دیکھی ہو جس میں تین گاڑیاں تھیں، فورڈ، پورشے اور تیسری اپنی ہونڈا۔ تینوں کا انجن آئل نکال لیا۔ فورڈ بیس سیکنڈ میں کھانس کے خاموش ہو گئی، پورشے سینتالیس سیکنڈ اور ہونڈا کی وارننگ لائٹ ہی چوتھے منٹ کے آخر میں جلی۔ اس کے بعد بھی جوان چلتی رہی۔ مطلب کیا؟
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بھائی جی، جدھر فورڈ، پورشے فیل ہو رہی ہیں ادھر یہ پروٹان، ایلسون، ایلانٹرہ، ایم جی یہ سب کیا کریں گی؟ سکیورٹی فیچرز بہت اچھے ہیں؟ بے شک ہیں، لیکن دادا ہونڈا ٹویوٹا بھی دو ائیر بیگ تو مر مرا کے دے ہی رہا ہے نا؟ تو بس قناعت کر لیں اور ٹھنڈ پروگرام رکھیں۔
اسی عالمی رینکنگ کی بات کریں تو بھی قابل اعتبار گاڑیوں میں بڑی سے بڑی جرمن، امریکی گاڑیاں عام طور پہ نیچے ہیں، اوپر کون ہے؟ وہی دو جاپانی گاڑیاں، جن کا نام لینے پہ آپ ڈنڈے مارنے دوڑ پڑیں گے!
کوئی گاڑی جتنی مرضی خوبصورت ہو، اندر باہر سے لگژری لگتی ہو، پرانی تو ہو گی نا؟ خراب بھی ہو گی؟ اور کچھ نہیں تو چور شیشہ اتار کے لے جائیں گے ۔۔۔ پرزہ جب بھی ڈالنا پڑا تب یاد آئے گی کہ ہاں کوئی تھا جس نے سمجھایا تھا۔
ایک بات یاد رکھیں، یہ سب اس بندے کے لیے لکھا ہے جو میرے جیسا ہے، جس نے زندگی میں ایک بار گاڑی لینی ہے اور دس پندرہ سال کم از کم اسے ہنڈانے کی نیت ہے۔
جس نے بابا تجربہ کرنا ہے، جو افورڈ کر سکتا ہے، وہ ہم میں سے نہیں، اسے پسند مبارک اس کی۔
سوزوکی سیاز یاد ہو گی آپ کو، دل کیسے مچلتا تھا اسے دیکھ کے؟ میگا فلاپ ہے یا نہیں؟ حالانکہ ساتھ نام سوزوکی والوں کا جڑا ہوا ہے۔ مار کہاں کھائی؟ پرزے شدید مہنگے تھے اور ملتے بھی گھٹ ہی تھے۔ کرولے اور ہونڈے کے پرزے گاؤں دیہات میں بھی ملتے ہیں۔ جدھر خراب ہو ادھر کھلوا لیں، ٹھیک کر کے ہی مستری خدا حافظ کہے گا۔
آخر میں بات کر لیں کیش ویلیو کی، غریب لوگ ہیں، لینے سے پہلے بیچنے کا سوچنا پڑتا ہے۔ 2012 میں جی ایل آئی یا سٹی کتنے میں آتی تھی اور آج کوئی بیچتا ہے تو وہ کیا پیسے مانگتا ہے؟ حساب کر لیں ذرا۔ کیا یہی اعتماد آپ کو ہے ان نئی کمپنیوں پر جو دھڑا دھڑ آ رہی ہیں؟ مزے کی بات یہ ہے کہ ڈسٹری بیوٹر اکثر پرانے ہیں، وہی جو سینٹرو کو لائے، وہی جو چیری کیو کیو لے کر آئے، ان گاڑیوں کے اگلے ماڈل کیوں نہیں آئے سوچا کبھی؟
جو مرضی لکھ لوں کرنی آپ نے اپنی مرضی ہے۔ ویسے آخری مشورہ یہ ہے کہ پانچ سال انتظار کر لیں، اس کے بعد خود مارکیٹ بتا دے گی کیا لینا ہے کیا نہیں لینا، تب تک پیسے اور وقت بچا لیں۔