ورلڈ کپ کی تیاریاں: پاکستان اور انگلینڈ آمنے سامنے

پاکستان اور انگلینڈ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں مدمقابل ہو رہے ہیں جو دونوں کے لیے ورلڈ کپ سے قبل اپنے بہترین کامبینیشن آزمانے کا موقع ہے۔

موجودہ سیریز کے واحد ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو میزبان انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا  ۔ تصویر: اے ایف پی

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز آج سے شروع ہونے جا رہی ہے، جو دونوں ٹیموں کے لیے ورلڈ کپ سے قبل اپنے بہترین کامبینیشن آزمانے کا موقع ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ آٹھ مئی کو لندن میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ وہ اس سیریز میں اچھی کرکٹ کھیل کر اعتماد کے ساتھ ورلڈ کپ میں جانا چاہتے ہیں۔

سرفراز کہتے ہیں: چونکہ انگلینڈ کی ٹیم گذشتہ کچھ عرصے سے اچھی کرکٹ کھیلتی آئی ہے لہذا ’ہمیں بھی ان کے خلاف مثبت کرکٹ کھیلنا ہوگی‘۔

انگلینڈ کے خلاف سیریز میں پاکستان پر تھوڑا دباؤ ضرور ہوگا کیونکہ گرین شرٹس حالیہ ون ڈے میچوں میں کچھ اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکی، باالخصوص انگلینڈ کے خلاف تو اس نے آخری پانچ میچوں میں سے صرف دو میں فتح حاصل کی۔

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف آخری مرتبہ کوئی ون ڈے سیریز 2005 میں جیتی تھی، جب انگلینڈ نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

تاہم، کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے سیریز کے لیے ان کی تیاری بہت اچھی ہے اور امید ہے کہ ان کی ٹیم بہتر کارکردگی دکھائے گی۔

دورہِ انگلینڈ سے قبل پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی تھی جس میں اسے پانچ صفر سے شکست ہوئی۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ اُس سیریز میں پاکستان نے زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا تھا اور سلیکٹرز نے خود سرفراز احمد سمیت کئی دیگر کھلاڑیوں کو ’آرام‘ کرایا تھا۔

دوسری طرف انگلینڈ کی بات کی جائے تو گذشتہ کچھ سالوں سے انگلش ون ڈے ٹیم بہت اچھی کرکٹ کھیلتی آئی ہے۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جنوری 2017 سے انگلینڈ کوئی ون ڈے سیریز نہیں ہارا۔

انگلینڈ کو گذشتہ پانچ ون ڈے میچوں میں سے تین میں فتح جبکہ دو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والا پہلا ون ڈے میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام پانچ بجے شروع ہوگا۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ