ماہرہ خان کے ساتھ کام کیا تو انہیں بڑی بہن بننا پڑے گا: دانیال ظفر

ماہرہ خان کی پہلی پروڈکشن ’بارہواں کھلاڑی‘ میں علی ظفر کے چھوٹے بھائی دانیال ظفر مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

دانیال ظفر کہتے ہیں کہ وہ گلوکاری کو اداکاری پر ترجیح دیتے ہیں (سکرین گریب)

جب ماہرہ خان نے اپنی پروڈکشن کمپنی ’سول فرائی‘ کا ایک ویب سیریز سے آغاز  کرنےکا اعلان کیا تب سے یہ چہ مہ گوئیاں جاری تھیں کہ اس سیریز میں کام کون کرے گا۔

اس سلسلے میں ماہرہ خان کی نظر انتخاب دانیال ظفر پر ٹھہری جو ایک ابھرتے ہوئے گلوکار ہیں۔ وہ کوک سٹوڈیو میں گانے گا چکے ہیں اور لوگ انہیں سٹار علی ظفر کے چھوٹے بھائی کی حیثیت سے جانتے ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو نے دانیال سے ملاقات کی اور ان سے کچھ اندر کی باتیں جاننے کی کوشش کی کہ آخر ’بارہواں کھلاڑی‘ ہے کون۔

دانیال نے بتایا کہ ویب سیریز ’بارہواں کھلاڑی‘ میں ٹائٹل کردار یعنی بارہواں کھلاڑی وہ خود ہیں اور ان کے ساتھ کنزہ ہاشمی لیڈ رول میں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ’بارہواں کھلاڑی‘ماہرہ خان کی پہلی پروڈکشن ہے اور وہ اس میں ایک کرکٹر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

کرکٹ کے موضوع پر بننے والی اس ویب سیریز میں دانیال کے علاوہ زیادہ تر نوجوان اور ابھرتے ہوئے اداکار ہیں۔

اس سوال پر کہ کیا وہ ماہرہ کے ساتھ اداکاری کرنے کی خواہش رکھتے ہیں؟ دانیال نے کہا کہ اگر وہ ایسا کریں بھی تو ماہرہ کے ساتھ ان کا کردار کیا ہوسکتا ہے، وہ یا تو ان کی بڑی بہن بن سکتی ہیں یا اس قسم کا کوئی دوسرا کردار۔

اس کے بعد انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ ماہرہ سے معذرت مگر تین چار سال بعد ایسا ممکن ہوسکتا ہے جب وہ کچھ عمر میں بڑے ہو جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ضرور ہے کہ وہ ماہرہ کے ساتھ کام کریں۔

دانیال نے کہا کہ ان کا ماہرہ کے ساتھ کام کرنے کا پہلا تجربہ بطور اداکارہ نہیں بلکہ پروڈیوسر کی حیثیت سے ہوا ہے، تو ان سے جب بھی کردار کے بارے میں بات ہو یا کہانی پر، وہ ہمیشہ پرجوش رہی ہیں اور سکرپٹ پر بھی وہ خود کام کرتی رہی ہیں تاکہ بہتر سے بہتر نتائج مل سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے انہوں نے  کبھی کرکٹ نہیں کھیلی تھی اس لیے انہوں نے اپنے کزن سے مدد لی مگر انہیں اپنے بھائی علی ظفر سے بھی سیکھنے کا موقع ملا۔

بارہواں کھلاڑی کے ہدایت کار عدنان سرور کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں پر فلمیں نہ ہونے کے برابر ہیں اور عدنان کے نام پر ’شاہ‘ جیسی فلم ہے جو انتہائی کم بجٹ میں بنائی گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ عدنان نے کئی مرتبہ انہیں کام کرنے کی مکمل آزادی دی جو بہت کم ہوتا ہے۔

دانیال نے کہا کہ وہ 12 سے 15 گانوں پر کام کررہے ہیں، جنھیں وہ اس پراجیکٹ کے بعد مکمل کریں گے۔

اپنے بڑے بھائی علی ظفر کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ خود کو علی سے بہتر نہیں کر سکتے، وہ خود کو یعنی دانیال ظفر کو بہتر سے بہتر کرسکتے ہیں اور ایسا نام بناسکتے ہیں کہ لوگ کہیں کہ دانیال کی طرح بننا چاہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ علی ظفر سے ان کا کام کافی مختلف ہے، اس لیے ان پر چھوٹے بھائی ہونے کا دباؤ نہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کچھ عرصہ پہلے دانیال کے انگریزی گانے ’بلیو بٹرفلائی‘ کی ویڈیو پر کافی ہنگامہ ہوا تھا، اس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اسے بدنامی نہیں سمجھتے، وہ ویڈیو اس طرح سے سوچی نہیں گئی تھی۔

یاد رہے کہ کچھ حلقوں نے مذکورہ ویڈیو کو بےباک ہونے کی وجہ سے شدید نکتہ چینی کا شکار بنایا تھا۔

دانیال نے واضع کیا کہ وہ اداکاری اور گلوکاری میں سے گلوکاری کا انتخاب کریں گے اور اس بارے میں ان کے ذہن میں کوئی ابہام نہیں کیونکہ ان کے دل سے تو موسیقی ہی نکلتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں اداکاری کرتے ہوئے زیادہ وقت نہیں ہوا اس لیے ممکن ہے کہ کچھ عرصے کے بعد وہ اداکاری کے بارے میں یہ کہہ سکیں، لیکن فی الحال وہ گلوکاری ہی کو بہتر جانتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹی وی