وزیراعظم سات مئی کو سعودی عرب روانہ ہوں گے: معاون خصوصی

معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی اور مشرق وسطیٰ طاہر اشرفی کے مطابق وزیراعظم کے دورے کے دوران پاکستان سعودی عرب تعاون کونسل، سرسبز پاکستان، سرسبز سعودی عرب اور سرسبز مشرق وسطیٰ سمیت متعدد دوسرے معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

وزیراعظم کو اس دورے کی دعوت سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دی ہے (فائل تصویر: اے ایف پی)

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی اور مشرق وسطیٰ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان سات مئی کو سعودی عرب کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔

وزیراعظم کو اس دورے کی دعوت سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دی ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان، اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل، سعودی عرب کی سیاسی اور مذہبی شخصیات سمیت سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں سے ملاقاتیں کریں گے۔

بدھ کو سعودی عرب کے دورے پر روانگی سے قبل اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر میڈیا سے گفتگو میں طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ 'پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایمان اور عقیدے کا رشتہ قائم ہے۔'

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی سوچ واضح ہے اور وہ تجارت، معیشت، سیاحت، ثقافت اور مذہبی امور سمیت تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ 'پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان وہی تعلق ہے جو روح اور جسم کے درمیان ہوتا ہے کیونکہ مسلمانوں کے مقدس مقامات سعودی عرب میں واقع ہیں اور پاکستان اور سعودی عرب دونوں کا امن، سلامتی اور استحکام اور دفاع ایک ہے۔'

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی، فوجی اور مذہبی قیادت نے واضح کر دیا ہے کہ امن اور حرمین شریفین کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ 'اسلامی تعاون تنظیم مسلم امہ کا متفقہ فورم ہے۔اس وقت سعودی عرب اس کی قیادت کر رہا ہے اور پاکستان تنظیم کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کے لیے تمام ممکنہ تعاون کے لیے تیار ہے۔ پاکستان نے  او آئی سی کے متوازی فورم بنانے کی کبھی حمایت نہیں کی۔'

انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی عرب میں بھی وزیراعظم عمران خان کے دورے کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں۔ وزیراعظم کے دورے کے دوران پاکستان سعودی عرب تعاون کونسل، سرسبز پاکستان، سرسبز سعودی عرب اور سرسبز مشرق وسطیٰ سمیت متعدد دوسرے معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان