امریکی پولیس کو گاڑیوں میں گھسنے والے کالے ریچھ کی تلاش

تھورٹن قصبے کی پولیس نے ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ریچھ اپنے پچھلے پیروں پر کھڑا ہو کر پنجوں کی مدد سے گاڑی کا دروازہ کھول کر بڑے آرام کے ساتھ ڈرائیونگ سیٹ پر براجمان ہو جاتا ہے۔

امریکی ریاست نیو ہیمپشائر کی پولیس نے کہا ہے کہ گاڑیوں کا شیشہ توڑ کر یا باقاعدہ طور پر دروازہ کھول کر اندر داخل ہونے کے متعدد واقعات میں سیاہ رنگ کا ایک بڑا ریچھ ملوث ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس ریچھ کو اس وقت رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا جب گھر کی حفاظت کے لیے نصب کیمروں نے پک اپ ٹرک پر چڑھتے ہوئے اس کی ویڈیو بنالی۔

تھورٹن قصبے کی پولیس نے ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں ریچھ کو پارک کی گئی گاڑیوں کے قریب ’لوٹ مچاتے‘ دیکھا جا سکتا ہے، جب ریچھ اپنے پچھلے پیروں پر کھڑا ہو کر پنجوں کی مدد سے گاڑی کا دروازہ کھول کر بڑے آرام کے ساتھ ڈرائیونگ سیٹ پر براجمان ہو جاتا ہے۔

پولیس افسران کے مطابق انہیں شبہ ہے کہ یہ ریچھ اس طرح کے کئی واقعات میں ملوث ہے۔ پولیس نے اپنی فیس بک پوسٹ میں لکھا: ’گذشتہ کئی ہفتے سے ہمیں ایک ریچھ کے بارے میں اطلاعات موصول ہور ہی تھیں کہ وہ خوراک یا اندر چھوڑ دیا جانے والا کوڑا حاصل کرنے کے لیے گاڑیوں میں داخل ہو جاتا ہے اور انہیں اچھا خاصا نقصان پہنچاتا ہے۔‘

پولیس سربراہ کینیتھ ملر نے اخبار بوسٹن پوسٹ کو بتایا: ’ایسے واقعات ہوئے جب ریچھ گاڑیوں میں داخل ہوئے ہوں لیکن اس طرح نہیں، یہ ایک منفرد واقعہ ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مقامی ٹیلی ویژن چینل ڈبلیو ایم یو آر9 سے گفتگو میں کہا: ’اس سے قبل ریچھ نے ایک گاڑی کے بمپر، ایک ٹرک کی سیٹوں کے غلاف اور ایک گاڑی کے اندر  سامنے والے حصے کو نقصان پہنچایا ہے۔‘

بوسٹن گلوب کے مطابق ریچھ کے گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کی فوٹیج کے بغیر بھی ایسے شواہد موجود تھے جو ’بالوں والے شرپسند‘ کی طرف اشارہ کرتے تھے، خصوصاً ایک گاڑی پر چڑھائی کے موقعے پر قریبی زمین پر ریچھ کے پنجوں کے نشان پائے گئے تھے۔

مذکورہ ریچھ کو ابھی تک پکڑا نہیں جا سکا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ کاروں میں گھسنے کے شوق کو چھوڑ کر ریچھ کوئی اور مسئلہ پیدا نہیں کر رہا۔

دوسری جانب تھورٹن پولیس نے کہا ہے کہ انہوں نے نیوہیمپشائر فش اینڈ گیم ڈیپارٹمنٹ کو اطلاع کر دی ہے جبکہ پولیس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کاروں کے اندر خوارک یا کوڑا نہ چھوڑیں جو ریچھ کو اپنی طرف متوجہ کر سکتے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا