گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں کرونا کے اثرات پر تحقیقی مقابلے کا آغاز

جی سی یونیورسٹی کے آٹھ مختلف شعبوں کے طالب علم اس تحقیقی پروگرام میں حصہ لیں گے اور اپنے مضامین کے نقطہ نظر سے موضوع پر تحقیق کریں گے۔

پاکستان کے معروف تعلیمی ادارے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (جی سی یو) لاہور میں عوام پر کرونا (کورونا) وائرس کے اثرات جاننے کے لیے تحقیقی مقابلے کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

جی سی یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر اصغر زیدی نے منگل کو اس تحقیقی مقابلے کا اعلان کیا، جس میں آٹھ مختلف شعبوں کے طالب علم حصہ لیں گے۔

طلبہ اپنے مضامین کے نقطہ نظر سے موضوع پر تحقیق بھی کریں گے۔ 

اس مقابلے کے دوران ادب کے طلبہ وبا کے دوران تخلیق ہونے والے ادب کا تجزیہ کریں گے، شعبہ نفسیات میں کرونا کے دماغی اور جسمانی صحت پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا، جب کہ شعبہ معاشیات کے طلبہ معیشت پرکرونا کے اثرات کی تحقیق کریں گے۔

 تاریخ کے طالب علم تاریخی نقطہ نظر سے وبائی امراض کا تجزیہ کریں گے۔ اس کے علاوہ وبائی امراض کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ماحولیاتی تحفظ پر بھی تحقیق ہو گی۔

دوسری جانب شعبہ جغرافیہ کرونا کے مقامی پھیلاؤ کے حوالے سے مطالعہ کرے گا۔

وائس چانسلر اصغر زیدی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا: ’اس تحقیق کے دوران طلبہ کرونا کے تناظر میں دنیا کو درپیش چیلنجز اور مواقع پر تحقیق کریں گے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’آٹھ شعبوں کے آنرز کے طالب علموں کو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا جو اپنے اپنے دیے گئے موضوع پر ایک سمیسٹر (چار سے چھ ماہ) کے دوران تحقیق مکمل کریں گے۔ اتنا وقت اس لیے دیا گیا ہے تاکہ معیاری تحقیق ممکن ہو سکے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پروفیسر اصغر زیدی نے مزید بتایا کہ بہترین تحقیق کرنے والے شعبہ جات کو نقد انعامات بھی دیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا: ’ہم چاہتے ہیں کہ تحقیق ایسی ہو جو معاشرے میں تبدیلی لا سکے۔ ہم ایسی تحقیق کے متحمل نہیں ہوسکتے جو موجودہ دور کی ضروریات سے غیر متعلق ہو۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’یونیورسٹیز، ریاست اور صنعت کے درمیان خلیج حائل ہے جسے پُر کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم جی سی یو کے طلبہ کو ایسے موضوعات پر لکھنے کی ترغیب دے رہے ہیں جو اداروں اور صنعتوں کے معیار کو بہتر بنائے۔‘

پروفیسر اصغر زیدی کے مطابق مغربی دنیا میں فنڈنگ ایجنسیاں اور یونیورسٹیاں بھی ہمیشہ ایسی تحقیق کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم ان تمام طلبہ کو جو اپنے ساتویں سمیسٹرکا آغاز کر رہے ہیں اور اپنے تحقیقاتی موضوع تلاش کر رہے ہیں، کو ہدایت کر رہے ہیں کہ وہ کرونا سے ہونے والے اثرات کو اپنے تھیسز میں سٹڈی کریں۔ اس سلسلے میں آٹھ شعبہ جات کے سربراہان اس بات پر تیار ہیں کہ وہ اپنے طالب علموں کو ان کی پسند کے مطابق اور ایسے موضوعات جو کہ کرونا کے اثرات کے حوالے سے ہیں، پر تحقیق کرنے کے لیے ان کی معاونت یا انہیں سپروائز کریں گے۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی کیمپس