’بلا پڑوسی کی بیوی جیسا ہے‘: سابق بھارتی کرکٹر اپنے تبصرے پر نادم

انگلینڈ سری لنکا دوسرے ون ڈے میچ میں دنیش کارتھک کا تبصرہ شائقین کو پسند نہیں آیا اور انہیں اس پر معذرت کرنی پڑی۔

دنیش کارتھک  نے اپنے بیان میں کہا : ’ ایسا کہنے پر بیگم اور والدہ کی جانب سے بہت ڈنڈے پڑیں گے‘(فائل فوٹو:  اے ایف پی)

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز اور حالیہ انگلینڈ سری لنکا ون ڈے سیریز میں کمنٹری کرنے والے دنیش کارتھک خواتین سے متعلق اپنے تبصرے پر تنقید کی زد میں آگئے اور بالآخر انہیں معذرت کرنا پڑی۔

گذشتہ جمعرات کو سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ کے دوران دنیش کارتھک نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا: ’بلے بازوں کی جانب سے اپنے بلے کو پسند نہ کرنا عام بات ہے، اکثر بلے باز اپنے بیٹ کو پسند نہیں کرتے بلکہ انہیں دوسرے کھلاڑی کا بّلا اچھا لگتا ہے۔‘

اس کے بعد دنیش کارتھک نے اپنی بات سمجھانے کے لیے جو مثال دی وہ کرکٹ شائقین کو پسند نہیں آئی۔ انہوں نے کہا: ’بیٹ پڑوسی کی بیوی کی طرح ہوتے ہیں جو ہمیشہ اچھی لگتی ہے۔‘

بھارتی کمنٹیٹر کا یہ جملہ دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگا، کچھ صارفین نے اسے مذاق کے طور پر لیا تاہم اکثر نے اسے جنسی تعصب پر مبنی تبصرہ قرار دیا اور دنیش کارتھک پر خوب تنقید کی۔

ایک خاتون صارف ٹینا ٹینگرا نے لکھا کہ ’دنیش کارتھک کی جانب سے بیٹ کو کسی کی بیوی یا خاتون سے تشبیہہ دینا ہتک آمیز ہے، یہ ایک بھونڈا مذاق تھا، کھیلوں میں صنفی تفریق کو گھسیٹے کی ضرورت نہیں۔‘

ایک اور صارف ریچل رومین نے دنیش کارتھک کی کمنٹری کا کلپ ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

مختلف حلقوں کی جانب سے کی جانے والی تنقید کے بعد دنیش کارتھک نے اپنے بیان پر معذرت کرلی۔ تیسرے ون ڈے میچ میں کمںٹری کے دوران انہوں نے کہا: ’پچھلے میچ میں جو ہوا میں اس پر معذرت خواہ ہوں، میں نے یہ جان بوجھ کر نہیں کیا، میں اسے غلط سمجھا، میں ہرکسی سے معافی چاہتا ہوں۔ بلاشبہ یہ بات کرنے والی نہیں تھی، مجھے ایسا کہنے پر بیگم اور والدہ کی جانب سے بہت ڈنڈے پڑیں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دنیش نے مزید کہا: ’میں انتہائی شرمندہ اور معذرت خواہ ہوں، ایسا پھر نہیں ہونا چاہیے۔‘

خیال رہے کہ جون میں انگلینڈ میں ہونے والے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں 36 سالہ سابق کرکٹر دنیش کارتھک اور سنیل گواسکر انگریزی کمنٹری پینل میں بھارت کی نمائندگی کر رہے تھے۔ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے فائنل میں دنیش کی کمنٹری کو لوگوں نے کافی پسند کیا تھا۔

دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے دنیش کارتھک بھارت کے لیے 26 ٹیسٹ، 94 ون ڈے انٹرنیشنل اور 32 ٹی ٹوئنٹی کھیل چکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل