علی امین گنڈاپور کو پاکستان کےزیرانتظام کشمیر کی حدود سے نکلنے کا حکم

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کی جانب سے متعدد جلسوں میں سیاسی تقاریر میں ناشائستہ کلمات کی ادائیگی کی گئی۔

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈاپور کو فوری طور پر کشمیر سے نکلنے کا حکم دے دیا گیا (ریڈیو پاکستان)

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور کو پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں جاری انتخابی مہم میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر کشمیر کی حدود سے نکلنے کا حکم دے دیا گیا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر کی جانب سے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے چیف سیکرٹری کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کی جانب سے متعدد جلسوں میں سیاسی تقاریر میں ناشائستہ کلمات کی ادائیگی کی گئی۔

اس کے علاوہ خط میں یہ لکھا گیا کہ وفاقی وزیر نے حکومت پاکستان کے سرکاری وسائل کا تاثر دیتے ہوئے اربوں روپے کے ترقیاتی پیکج کے اعلانات کیے جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

خط کے مطابق علی امین گنڈا پور نے امیدواران کی صوابدید پر ایک ایک سو کلومیٹر کی سڑک بنانے کے اعلان کر کے انتخابی قوانین کی خلاف وزری کی ہے۔

خط میں مزید بتایا کہا گیا: ’وفاقی وزیر اور ایم این اے کے خلاف ڈڈیال کے مقام پرضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا گیا۔‘

علی امین گنڈاپور کی جانب سے انتخابی قوانین کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر پر انتخابی مہم و جلسے جلوسوں  میں شرکت اور تقاریر کرنے پر فوری پابندی لگا دی۔

اس کے علاوہ وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی حدود سے نکلنے کا حکم دے دیا گیا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ان کے افعال کی وجہ سے نہ صرف امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو رہا ہے بلکہ انسانی جانوں کے ضیاع کا بھی خدشہ پیدا ہو رہا ہے۔

الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری کو لکھا کہ الیکشن کمیشن کے احکامات پر فوری طور پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان