کراچی: بے قابو بھینسے کو فائرنگ کر کے مارنے والے آٹھ افراد گرفتار

عید الاضحیٰ کے پہلے روز قصائی نے بھینسے کو گرانا چاہا تو وہ بھپر کے بھاگ نکلا، جس کے بعد لوگوں نے اسے فائرنگ کر کے مار دیا۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پولیس نے قربانی کے وقت بھپرنے والے بھینسے پر فائرنگ کرنے والے آٹھ افراد کو گرفتار کرکے واقعے میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا۔ 

یہ واقعہ عید الاضحیٰ کے پہلے روز بدھ کو کراچی یونیوسٹی ہاٶسنگ سوساٸٹی میں پیش آیا، جس کے دوران ملزمان فائرنگ کرنے کے ساتھ ساتھ ویڈیو بھی بناتے رہے۔  

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ عمارتوں کے درمیاں خالی میدان میں لوگوں کے پیچھے بھاگتے بے قابو بھینسے کو مارنے کے لیے کئی افراد رپیٹر، بندوق اور پستول سے فائرنگ کر رہے ہیں۔

ترجمان ضلع ایسٹ پولیس کراچی اے ایس آئی ارشاد نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ سچل ٹاؤن تھانے کی پولیس نے وائرل ویڈیو کے بعد کامیاب کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث آٹھ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان میں عمران، زبیر، عطاالرحمان، نور علی، وسیم احمد، معین الرحمان، سلمان اور عرفان شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے فاٸرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ بشمول رپیٹر اور کارتوس بھی برآمد کرلیے جبکہ ویڈیو میں ملوث دیگر چار نوجوانوں کی شناخت ارسلان، روشن، زاہد اور وقار کے ناموں سے ہوٸی ہے جن کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔ 

پولیس نے ملزمان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کے ’اینیمل کرولٹی ایکٹ‘ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ 

سچل تھانے کے اہلکار محمد علی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: ’گرفتار ملزمان نے بتایا کہ قربانی کے لیے لائے گئے بھینسے کو قصائی نے گرانا چاہا تو بھینسا بے قابو ہوگیا اور کئی افراد کو زخمی کردیا، اس لیے فائرنگ کی۔‘ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اینیمل کرولٹی ایکٹ کیا ہے؟

اینیمل کرولٹی ایکٹ جانوروں پر تشدد کو روکنے کا ایک قانون ہے جو 1890 میں پاکستان پینل کوڈ یا مجموعہ تعزیرات پاکستان میں شامل کیا گیا۔

اس قانون کے تحت ‘کسی بھی پالتو یا پکڑے ہوئے جانور کو اگر کوئی شخص مارے گا یا تشدد کرکے مارے گا تو اس کی سزا ایک ماہ قید ہے اور اگر ملزم نے دوسری بار جانور کے ساتھ ویسا ہی سلوک کیا تو سزا تین سال تک ہوسکتی ہے۔

اس قانون کے تحت جانوروں کی لڑائی کرانا یا کسی جانور کی کھال خریدنا یا اپنے پاس رکھنا جو تشدد کرکے مارا گیا ہو، اس پر بھی سزا ہوگی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل