امریکہ کی سپیس ٹورزم کمپنی ’ورجن گیلیکٹک‘ نے خلا کی سیر و سیاحت کے لیے بکنگ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم خلائی جہاز کی ایک نشست کا کرایہ ساڑھے چار لاکھ ڈالر سے شروع ہو گا۔
یہ اعلان 11 جولائی کو ورجن گیلیکٹک کے ’یونٹی 22 مشن‘ کی کامیابی کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں ورجن کے بانی اور ارب پتی بزنس مین رچرڈ برینسن نے اپنے خلائی جہاز پر خلا کی سیاحت کی تھی، یہ خلائی جہاز چار افراد کو 80 کلومیٹر کی بلندی پر خلا کے کنارے تک لے جا سکتا ہے، جہاں وہ چند منٹ تک بے وزنی کی کیفیت کا مشاہدہ کر سکتے ہیں۔
کمپنی نے جمعرات کو اپنی دوسری سہ ماہی کی آمدن کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا: ’یونٹی 22 کی کامیاب پرواز کے بعد صارفین کی دلچسپی میں اضافہ دیکھتے ہوئے ہم آج سے سیلز کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے پرجوش ہیں۔‘
مزید کہا گیا: ’جیسا کہ ہم عالمی برادری کے لیے خلا کی حیرت انگیز چیزیں سامنے لانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم مکمل طور پر ایک نئی صنعت اور صارفین کے لیے اس انوکھے تجربے سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرنے پر خوش ہیں۔‘
کمپنی نے ابتدائی طور پر خلائی سیاحت کے لیے ایک نشست کا ٹکٹ تقریباً دو لاکھ ڈالر میں فروخت کیا لیکن 2014 میں آزمائشی پرواز کے دوران ایک مہلک حادثے کے بعد ان ٹکٹس کی فروخت بند کردی گئی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اب برینسن اور ان کے تین ساتھیوں کی کامیاب پرواز کے بعد کمپنی کا کہنا ہے کہ خلائی جہاز کی آئندہ لانچنگ کا ٹارگٹ ستمبر کے آخر میں نیو میکسیکو کے ’سپیس پورٹ امریکہ‘ سے مقرر کیا گیا ہے۔
ورجن گیلیکٹک کے چیف ایگزیکٹو مائیکل کولگزیئر نے کہا کہ ’دوسری سہ ماہی میں ہم نے 2022 میں کمرشل سروس شروع کرنے کی طرف بامقصد پیش رفت کی ہے۔ ہم نے نیو میکسیکو سے مکمل عملے اور ماہرین کے ساتھ دو خلائی پروازیں کامیابی سے مکمل کی ہیں، جس پر عالمی میڈیا اور صارفین کا غیر معمولی ردعمل سامنے آیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’اس کے علاوہ ہم نے اپنے موجودہ لانچ لائسنس کو بڑھانے کے لیے ایف اے اے کی منظوری حاصل کر لی ہے۔ ایف اے اے نے پہلی بار صارفین کو خلا میں لے جانے کے لیے سپیس لائن کو لائسنس جاری کیا ہے۔‘
کمپنی نے کہا کہ اس میں صارفین کے لیے تین آفرز پیش کی جائیں گی- پہلی ڈیل میں ایک سنگل نشست، دوسری ڈیل میں جوڑوں، دوستوں اور خاندانوں کے لیے متعدد نشستیں اور تیسری ڈیل میں پوری فلائٹ کی بکنگ شامل ہے۔
ان آفرز کی قیمت ساڑھے چار لاکھ ڈالر فی نشست سے شروع ہوگی۔ فروخت ابتدائی طور پر کمپنی کی لسٹ پر موجود خلائی سفر کی شوقین برادری، جنہوں نے پہلے ہی دلچسپی ظاہر کی تھی، کو ترجیح دیتے ہوئے پہلا موقع دیا جائے گا۔ اس کے بعد مستقبل کی خلائی پروازوں میں دلچسپی رکھنے والے صارفین کے لیے اگلی ترجیحی فہرست کھول دی جائے گی۔
© The Independent