امریکہ: لائیو رپورٹنگ کے دوران گاڑی جھیل میں جا گری

ایک صحافی جھیل کے کنارے رپورٹنگ کر رہے تھے جب ان کے پیچھے ایک ٹرک پھسل کر سیکنڈوں میں پانی میں ڈوب گیا اور یہ سارا منظر کیمرے میں قید ہو گیا۔

واقعے کے دوران رپورٹر اپنے پیچھے ٹرک کے پھسلنے سے ناواقف رہے (سکرین شاٹ)

ایک مصنوعی جھیل کے منصوبے کے بارے میں لائیو رپورٹنگ کرتے ہوئے امریکی رپورٹر جیکب ایمرسن کسی بھی عام دن کی طرح اپنے کام میں مصروف تھے۔

لیکن ایمرسن کی اس براہ راست رپورٹنگ نے اس وقت ایک چونکا دینے والا موڑ لیا، جب ریاست الینوائے کے قصبے سپرنگ فیلڈ میں بوٹ لانچ سے ایک پک اپ ٹرک جھیل میں جا گرا۔

ڈبلیو آئی سی ایس نیوز کے رپورٹر جیکب ایمرسن اقتصادی ترقی کے پروگرام کے تحت اس علاقے میں دوسری مصنوعی جھیل بنانے کے مجوزہ منصوبے کے بارے میں کیمرے پر براہ راست بات کر رہے تھے، جب ان کے پیچھے ایک سفید جی ایم سی سیارا پک اپ ٹرک بوٹ لانچ سے نیچے پھسلتے ہوئے چند سیکنڈ کے اندر جھیل میں غرق ہو گیا۔

خوش قسمتی سے پک اپ ٹرک کا ڈرائیور اپنے ٹریلر کے ساتھ جوڑ کر لائی گئی موٹر بوٹ کو سپرنگ فیلڈ جھیل پر چھوڑنے کے لیے گاڑی سے اترا ہوا تھا۔

وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں گاڑی کو جھیل میں پھسلتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جو ایک منٹ میں مکمل طور پر ڈوب جاتی ہے۔

جب گاڑی نے بوٹ لانچ سے جھیل میں پھسلنا شروع کیا تو اس وقت کوئی بھی گاڑی کے اندر موجود نہیں تھا۔

رپورٹنگ کے دوران ایمرسن اپنے پیچھے پانی میں پھسلتے ٹرک کے بارے میں لاعلم تھے۔

بعد میں ممکنہ طور پر کیمرے کے پیچھے کسی نے ان کی توجہ مبذول کرائی جنہوں نے ڈوبتی ہوئی گاڑی کو دیکھنے کے بعد اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔

ایمرسن پیچھے کی جانب گھومتے ہیں اور انہیں ہانپتے ہوئے سنا جا سکتا ہے جو کیمرے کے پیچھے غائب ہو جاتے ہیں۔ اس کے بعد ٹرک کو مکمل طور پر ڈوبنے میں صرف چند سیکنڈ لگتے ہیں۔

سینگامن کاؤنٹی ایمرجنسی مینجمنٹ آفس کے ڈائریکٹر بل لی نے ڈبلیو آئی سی ایس کو بتایا کہ سپالڈنگ ڈیم پر موجود بوٹ لانچ، جہاں ٹرک کھڑا تھا، پر کائی جمی ہوئی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہل لی نے کہا: ’ان میں سے بیشتر بوٹ لانچز کی ڈھلوان کم ہے اور بظاہر ایسا لگتا ہے کہ اس لانچ کی ڈھلوان نسبتاً زیادہ تھی۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’ریمپ کے اوپری حصے پر پارکنگ کرنا ہمیشہ بہتر ہوتا ہے اور اس کے بعد نیچے چل کر جانا اور یہ دیکھنا کہ وہاں کائی کی موٹی تہہ تو موجود نہیں، ہوشیار رہنے کے لیے ضروری ہوتا ہے۔‘

سپرنگ فیلڈ کے میئر جم لینجر فیلڈر نے نیوز چینل کو بتایا کہ ان کا دفتر گاڑی ڈوبنے کے واقعے کی تحقیقات کرے گا۔

شہر کو پانی، روشنی اور بجلی فراہم کرنے والے محکمے کے مطابق جھیل پر موجود بوٹ لانچز کو ماہانہ بنیادوں پر صاف کیا جاتا ہے، مگر اس کے باوجود یہاں ہر سال تقریباً اس طرح کے ایک سے تین واقعات رپورٹ ہوتے ہیں۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ