جشنِ آزادی کو ٹارچر بنانے کے سات طریقے

وہ کون سے طریقے ہیں جن سے ہم ہر جشن کو دوسروں کے لیے عذاب بنا دیتے ہیں؟

جشنِ آزادی کے موقعے پر بجائے جانے والے بےہنگم باجے کسی عذاب سے کم نہیں (اے ایف پی)

پاکستانی قوم بڑی منفرد قوم ہے اور ان کی انداز جداگانہ دیکھنا ہے تو مشکلات کے وقت ان کی تفریح کا انداز دیکھ لیں۔ قوم پاکستان کا ہر مشکل اور آسان موقع پر اظہار کا انداز بہت مختلف اور عجب ہوتا ہے۔ چاہے موقع خوشی کاہو یا  پھرغم کا،یہ قوم اس سے الگ ہی انداز میں نبرد آذما ہوتی ہے۔

 قوم کا انداز جشن بھی بڑا نرالا ہے اتنا کہ وہ جب جشن مناتے ہیں تو بہت سے لوگوں  کے لیے وہ انداز جشن سکون کش اور ٹارچر ثابت ہوتا ہے۔ پاکستان کے لوگوں کے انداز جشن منفرد ضرور ہے مگر یہ بہت سے لوگوں کے لیے تکلیف کاباعث بھی بن جاتا ہے۔ جانیے کون سے انداز کب اپنائے جاتے ہیں جو دوسروں کو تکلیف پہنچانے کا باعث بن جاتے ہیں۔

 بڑے بڑے چینی باجے

14 اگست کو گھروں میں جھنڈیاں لگانا اور جھنڈے لہرانا خوبصورت ترین عمل تھا جو ابھی بھی جاری ہے، مگر نہ جانے کون وہ شخص ہے جس نے بڑے بڑے کان پھاڑ باجے جشن کے نام پر مارکیٹ میں متعارف کرا دیے ہیں۔ جو باجے میچوں کے دوران تماشائی بجاتے تھے وہ 13، 14 اگست کو ہر گلی محلے میں بجنے لگے ہیں اور ایسے بجے کہ سننے والے کے کان سن ہو گئے۔ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ جشن منانے کے لیے کیا بے ہنگم شور شرابہ کرنا واجب ہے؟

خوشی کے موقعے پر ہوائی فائرنگ

کسی کے گھر میں بیٹا پیدا ہوا ہے یا برات دلہن کو لے کر پہنچ گئی ہے، آپ کی پسندیدہ ٹیم میچ جیت گئی ہے یا پھر آزادی کا دن آیا ہو، ہمارے بہت سے بھائیوں کو اس موقعے پر فائرنگ کر کے خوشی منانے کی طلب ہوتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہماری سمجھ میں آج تک نہیں آیا کہ خوشی اور فائرنگ کا آپس میں کیا تعلق ہے؟ مطلب بس موقع چاہیے اور پھر اسلحہ بردار کی گن کی صفائی کے نام پر فائرنگ شروع ہوجاتی ہے۔ لیکن افسوس ناک بات یہ ہے کہ جو گولی ہوا میں چلائی جاتی ہے وہ واپس زمین کی طرف بھی اسی رفتار کے ساتھ آتی ہے جوانسانی جان کے لیے خطرناک ہوجاتی ہے۔ اگر کسی کی خوشی میں کسی انسان کی جان چلی جائے تو یہ کیسی خوشی ہے بھلا؟

سائلنسر نکال کر شور کرنا

 یہ انداز جشن ویسے تو کراچی میں بہت عام ہے جو چاند رات، شب 14 اگست اور نیو ایئر نائٹ پراپنایا جاتا ہے۔ یہ انداز سے زیادہ واردات لگتی ہے  مجھے سمجھ نہیں آتا کہ جشن کے لیے کیا ضروری ہے کہ شور شرابہ کیا جائے؟ پھر بائیک کا سائلنسر نکال کر کان پھاڑ جشن منانے کی بھلا کیا تُک بنتی ہے جس سے دوسرے کو تکلیف پہنچے۔ اس جشن یا خوشی کی کیا حیثیت جو کسی کو تکلیف میں مبتلا کردیں اور جشن منانے والے کسی کی  بد دعا  میں شامل ہو جائے۔

ون ویلنگ

پاکستان کے کچھ نوجوانوں کو ون ویلنگ کا  خوفناک شوق ہے اور اکثر یہ شوق جشن کے موقع پر بجا لایا جاتا ہے۔ اس انداز جشن کو دیکھنے والوں کا کلیجہ منہ کو آ جاتا ہے مگر کرنے والے اپنی مستی مین مگن ہوتے ہیں۔ یہ عمل کرتے ہوئے اپنے ماں باپ کے بارے میں بھی نہیں سوچتے جس نے اِن کو پال پوس کے بڑا کیا ہوتا ہے۔ یہ عمل انتہائی خوفناک ہے اور اب تک یہ عمل کرتے ہوئے سینکڑوں نوجوان یا تو اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں یا پھر معذوری کا شکار ہو گئے ہیں۔

جشن کے نام پر خواتین سے بد تمیزی

جشن کے کسی موقع پر خواتین کو چھیڑنا، ان کو ہاتھ لگانا اور ان پر نعرہ کسنا بھی کچھ لوگوں کی تفریح میں شامل ہے۔ اس طرح کے کم ظرف لوگوں کی تعداد زیادہ نہیں ہے مگر یہ ہمارے معاشرے میں موجود ہیں اور یہ حرکتیں کرنے والے اس حرکت پر پشیماں بھی نہیں ہوتے ہیں۔ یہ کیسا جشن ہے کہ آپ  خواتین پر حملہ آور ہوں اور وہ آپ کے لیے تفریح کا سامان ہو۔ جشن منانے کے انداز الگ ہوتے ہیں اور کسی کے ساتھ اس طرح کا عمل جرم بھی ہےاور گناہ بھی۔

رات بھر پٹاخے پھوڑنا

مانا کہ آپ کو ملک آزاد ہونے کی بڑی خوشی ہے، لیکن تھوڑا سا محلے والوں کا بھی خیال رکھ لیں کہ ممکن ہے کہ انہیں پٹاخوں اور دھماکوں سے کوفت ہوتی ہے۔ آزادی کی خوشی میں لوگوں کو شریک کرنے کا یہ کون سا طریقہ ہے کہ انہیں اذیت میں مبتلا کر دیا جائے؟

آدھی رات کو بھاری سپیکروں پر موسیقی بجانا

کیا آپ کو احساس ہے کہ قریب کے گھر میں کسی کو صبح سویرے اٹھ کر کام پر جانا ہو سکتا ہے، کسی ماں نے بڑی مشکل سے بچے کو سلایا ہے، کوئی بیمار ہے، جو دو لمحے سکون کے چاہتا ہے؟ کیا پتہ کسی کے گھر میں فوتگی ہوئی ہو اور وہ اس وقت موسیقی سننے کے موڈ میں نہیں ہے؟

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ