جولائی2021 کرہ ارض کا گرم ترین مہینہ: امریکی ماحولیاتی ادارہ

142 سال قبل جب سے انسان نے درجہ حرارت ریکارڈ کرنا شروع کیا ہے، یہ گرم ترین جولائی ہے۔

آئی پی سی سی کی رپورٹ کے مطابق زمین اور سمندر کے تیزی سے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کا ذمہ دار انسان ہے (اے ایف پی)

جولائی 2021 نے تاریخ میں اب تک ریکارڈ کیے جانے والا گرم ترین مہینہ ہونے کا ’ناگوار امتیاز‘ حاصل کر لیا۔

امریکی ادارے ’نیشنل اوشینک اینڈ اٹماسفیرک ایڈمنسٹریشن‘ (این او اے اے) کے جاری کردہ نئے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال جولائی میں دنیا کی زمین اور سمندر کا درجہ حرارت 20 ویں صدی کے اوسط 60.4 فارن ہائیٹ سے 1.67 فارن ہائیٹ زیادہ تھا اور 142 سال قبل جب سے انسان نے درجہ حرارت ریکارڈ کرنا شروع کیا ہے، یہ گرم ترین جولائی ہے۔

این او اے اے کے ایڈمنسٹریٹر رِک سپنراڈ نے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’اس معاملے میں، پہلی پوزیشن کا مطلب بدترین صورتحال ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جولائی عام طور پر دنیا میں سال کا گرم ترین مہینہ ہوتا ہے لیکن رواں سال یہ گرم ترین جولائی اور مہینے کے طور پر ریکارڈ ہوا۔‘

ڈاکٹر سپنراڈ نے کہا: ’موسمیاتی تبدیلی نے دنیا میں جو اثرات چھوڑے ہیں ان میں یہ نیا ریکارڈ انتشار اور پریشان کن صورت حال کی عکاسی کرتا ہے۔‘

جولائی کا درجہ حرارت 2016 میں سابقہ ریکارڈ کے مقابلے میں 0.02 فارن ہائیٹ زیادہ تھا۔ یہ ریکارڈ پھر 2019 اور 2020 میں بھی ٹوٹ گیا تھا۔

این او اے اے کے نئے اعداد و شمار سے پتہ چلا ہے کہ شمالی نصف کرہ زمین کے زمینی درجہ حرارت کے لحاظ سے بھی جولائی اب تک کا سب سے گرم مہینہ تھا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ 2012 میں ٹوٹا تھا۔ یہ اوسط سے 2.77 فارن ہائیٹ زیادہ تھا۔

ایشیا میں بھی اس سال جولائی اب تک کا سب سے گرم مہینہ تھا جب کہ یورپ میں یہ دوسرا گرم ترین جولائی رہا ہے۔ 2010 سے دونوں براعظموں کے ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں۔

یہ اعداد و شمار اقوام متحدہ کے ’انٹرگورنمنٹل پینل آن کلائمنٹ چینج‘ (آئی پی سی سی) کی ایک رپورٹ کے اجرا کے چند دن بعد سامنے آئے ہیں جس میں خبردار کیا گیا تھا کہ دنیا کے پاس گرین ہاؤس گیسز کے اخراج میں کمی کرنے اور موسمیاتی تباہی سے بچنے کے لیے وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔

آئی پی سی سی کی رپورٹ 200 سے زائد سائنس دانوں نے مرتب کی ہے جس میں تفصیل سے بتایا گیا ہے کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے اثرات کو درست کرنے میں صدیوں کی بجائے ہزاروں سال لگ سکتے ہیں۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آئی پی سی سی نے کہا کہ اسے ’ناقابل مسترد‘ شواہد ملے ہیں کہ زمین اور سمندر کے تیزی سے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کا ذمہ دار انسان ہے۔

یہ اقوام متحدہ کے پینل کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی کے خطرے کا اب تک کا سب سے جامع جائزہ تھا۔ موسمیاتی تبدیلی دنیا بھر میں جنگلوں میں لگنے والی آگ کا بھی موجب بن رہی ہے۔

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں اب تک کی بدترین ڈیکسی فائر (جنوبی علاقوں کے جنگلات میں لگنے والی آگ) سے لے کر اب ترکی اور یونان میں تباہ کن آتشزدگی تک ریکارڈ درجہ حرارت اور خشک سالی نے دنیا بھر کے جنگلات میں بے قابو آتشزدگی کو ہوا دی ہے۔

آئی پی سی سی کی چھٹی تشخیصی رپورٹ کے یہ نتائج اس وقت سامنے آئے ہیں جب عالمی رہنما تین ماہ بعد گلوبل کلائمیٹ سمٹ Cop26 کے لیے گلاسگو میں جمع ہوں گے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ماحولیات