ہالی وڈ اداکار سے سیٹ پر ’گولی چلنے‘ سے فلم کی فوٹو گرافی ڈائریکٹر ہلاک

بالڈون کے ترجمان نے کہا کہ سیٹ پر ایک حادثہ پیش آیا جس میں ایک پروپ یا نمائشی گن سے ’غلطی سے‘ فائرنگ شامل تھی۔

مقامی اخبار ’دا سانتا فے نیو میکسیکن‘ کی رپورٹ کے مطابق 63 سالہ بالڈون کو جمعرات کو شیرف کے دفتر کے باہر روتے ہوئے دیکھا گیا لیکن ان سے اس واقعے کے بارے میں بات کرنے کی کوششیں ناکام ہو گئیں،( تصویر: اے ایف پی)

ہالی وڈ کے سینیئر اداکار ایلیک بالڈون کی جانب سے ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران ’غلطی سے‘ چلنے والی گولی سے سیٹ پر موجود فوٹو گرافی ڈائریکٹر ہلاک اور فلم کے ہدایت کار زخمی ہو گئے ہیں۔

سانتا فے کاؤنٹی شیرف کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ جمعرات کو سانتا فے کے قریب فلم ’رسٹ‘ کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا جس میں فوٹو گرافی ڈائریکٹر ہیلینا ہچنس اور ہدایت کار جوئل سوزا کو گولیاں لگیں۔

حکام نے بتایا کہ 42 سالہ ہچنس کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے یونیورسٹی آف نیو میکسیکو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی عملے نے انہیں مردہ قرار دیا۔

واقعے میں زخمی ہونے والے 48 سالہ سوزا کو ایمبولینس کے ذریعے کرسٹس سینٹ ونسنٹ ریجنل میڈیکل سینٹر لے جایا گیا جہاں ان کے زخموں کا علاج جاری ہے۔

 اس حادثے کے بعد فلم کی پروڈکشن روک دی گئی ہے۔

بالڈون کے ترجمان نے کہا کہ سیٹ پر ایک حادثہ پیش آیا جس میں ایک پروپ یا نمائشی گن سے ’غلطی سے‘ فائرنگ شامل تھی۔

مقامی اخبار ’دا سانتا فے نیو میکسیکن‘ کی رپورٹ کے مطابق 63 سالہ بالڈون کو جمعرات کو شیرف کے دفتر کے باہر روتے ہوئے دیکھا گیا لیکن ان سے اس واقعے کے بارے میں بات کرنے کی کوششیں ناکام ہو گئیں۔

سنیماگرافی کی عالمی تنظیم ’انٹرنیشنل سنیماٹوگرافرز گلڈ‘ نے تصدیق کی ہے کہ جو خاتون اس واقعے میں گولی لگنے سے ہلاک ہوئی ہیں وہ ہیلینا ہچنس تھیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گلڈ کے صدر جان لنڈلی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ربیکا رائن نے ایک بیان میں کہا کہ ’اس وقت واقعے کی تفصیلات غیر واضح ہیں لیکن ہم مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور ہم اس افسوسناک واقعہ کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘

42 سالہ ہچنس نے 2020 کی ایکشن فلم ’آرچ اینیمی‘ میں فوٹو گرافی کی ہدایت کاری دی تھی۔

2015 میں امریکن فلم انسٹی ٹیوٹ سے فارغ التحصیل ہیلینا کو امریکی سنیماٹوگرافر نے 2019 میں ’رائزنگ سٹار‘ کا نام دیا تھا۔

’آرچ اینیمی‘ کے ڈائریکٹر ایڈم مورٹیمر نے ٹویٹر پر کہا: ’میں ہیلینا کو کھونے پر بہت افسردہ ہوں اور غصے میں بھی کیوں کہ یہ ایک سیٹ پر کیسے ہو سکتا ہے۔ ان کا ٹیلینٹ شاندار تھا جو فن اور فلم کے لیے انتہائی پرعزم تھیں۔‘

شیرف کے ترجمان نے کہا کہ ڈیٹیکٹیوز اس بات کی تفتیش کر رہے ہیں کہ واقعے میں کس طرح اور کس قسم کے اسلحہ استعمال ہوا ہے۔

ترجمان نے ایک بیان میں کہا: ’یہ تفتیش جاری ہے۔ اس واقعے کے حوالے سے ابھی تک کوئی فرد جرم عائد نہیں کیا گیا۔ ڈیٹیکٹیوز گواہوں کے بیانات لے رہے ہیں۔’

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا