سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف فتح

پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور میں میزبان بنگلہ دیش کو شکست دے کر پہلا ٹی20 میچ جیت لیا ہے۔

فخر زمان اور خوشدل شاہ کی پارٹرنرشپ نے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا (اے ایف پی)

پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور میں میزبان بنگلہ دیش کو شکست دے کر پہلا ٹی20 میچ جیت لیا ہے۔

شیر بنگلہ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان کا آغاز بھی کچھ زیادہ اچھا نہیں تھا تاہم فخر زمان اور خوشدل شاہ کی عمدہ شراکت داری اور بعد میں شاداب خان اور محمد نواز کی جارحانہ بلے بازی نے پاکستان کو جیت دلوا ہی دی۔

بنگلہ دیش کے 128 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں دھوم مچانے والی پاکستانی اوپنگ جوڑی اچھا آغاز دینے میں ناکام رہی اور شاید یہی وجہ ہے کہ صرف 24 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی ابتدائی چار وکٹیں گر گئی تھیں۔

تاہم اس کے بعد فخر زمان اور خوشدل شاہ نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے سکور کو آہستہ آہستہ ہدف کے قریب پہنچانا شروع کر دیا۔ دونوں بلے بازوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 56 رنز بنائے۔ خوشدل شاہ اور فخر زمان دونوں ہی 34، 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

یہاں پاکستان کی مشکل آسان نہیں ہوئی تھی مگر شاداب خان اور محمد نواز نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے صرف 15 گیندوں پر 36 رنز بنا کر میچ کو پاکستان کی فتح پر ختم کر دیا۔

شاداب خان نے 10 گیندوں پر 21 جبکہ محمد نواز نے آٹھ گیندوں پر 18 رنز کی اننگز کھیلی اور دونوں آؤٹ نہیں ہوئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن، مستفیض الرحمان اور شریف السلام نے ایک، ایک جبکہ تسکن احمد نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹی20 کرکٹ میچ میں میزبان ٹیم بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 128 رنز کا ہدف دیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو شروع سے ہی تمام بلے باز دباؤ میں دکھائی دیے اور اپنی ٹیم کو بہتر آغاز فراہم نہ کر سکے، اور وہ مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹس کے نقصان پر 127 رنز ہی بنا سکے۔

دوسری جانب پاکستانی بولرز اسی انداز میں گیند بازی کرتے دکھائی دیے جیسی انہوں نے حال ہی میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران کی تھی۔

پاکستان نے سٹرائیک بولر شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل نہیں کیا تاہم دیگر بولرز نے ان کی کمی بالکل محسوس ہونے نہ دی اور کسی بھی بلے باز کو جم کر کھیلنے نہ دیا۔

اس کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ میزبان ٹیم کی نصف ٹیم صرف 61 رنز کے مجموعی سکور پر ہی پویلین لوٹ چکی تھی۔

آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران تنقید کا سامنا کرنے والے حسن علی بھی اس میچ میں بالکل ہی مختلف فارم میں دکھائی دیے اور ایسا کہیں محسوس نہیں ہوا کہ یہ وہی حسن علی ہیں جنہیں چند روز قبل رنز دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔

حسن علی نے چار اوورز میں 22 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ان کے علاوہ محمد وسیم جونیئر نے دو جبکہ شاداب خان اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے عفیف حسین نے سب سے زیادہ 36 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ نورالحسن 28 اور مہدی حسن 30 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ