میری زرتاج گل سے کوئی لڑائی نہیں ہوئی: ملک امین اسلم

مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے ان دعوؤں کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ ان کی کوپ26 کانفرنس میں زرتاج گل سے لڑائی ہوئی تھی۔

زرتاج گل اور  ملک امین اسلم (تصاویر  قومی اسمبلی ویب سائٹ اور   وکی پیڈیا  آئی اے ای اے  امیج بینک)

مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے واضح کیا ہے کہ ماحولیات سے متعلق کانفرنس کوپ 26 کے موقعے پر ان کی وزیر ماحولیات زرتاج گل سے کوئی لڑائی نہیں ہوئی تھی۔

اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 26 کا انعقاد 31 اکتوبر سے 12 نومبر تک گلاسکو میں ہوا تھا۔

جمعرات کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں ریاض فتیانہ نے دعویٰ کیا کہ زرتاج گل اور امین اسلم کے درمیان کانفرنس میں لڑائی ہوئی جس کے بعد زرتاج گل وطن واپس آگئیں۔

ریاض فتیانہ کا مزید کہنا تھا کہ ’گلاسکو کانفرنس میں افسران کی نااہلی کے باعث پاکستان کی نمائندگی غیرمعیاری تھی۔ نیپال اور دوسرے ممالک کے وفد کو پاکستان کیمپ میں کسی افسر نے ریسیو نہیں کیا۔‘

اس پر چیئرمین کمیٹی رانا تنویر نے کہا کہ ’وزارت ماحولیاتی تبدیلی کے نااہل افسران کے باعث قومی خزانے کے کروڑوں روپے ضائع ہوئے۔‘

چیئرمین کمیٹی نے آڈٹ حکام کو تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کوپ 26 کے دوران زرتاج گل اورامین اسلم کی مبینہ لڑائی کی تحقیقات بھی کی جائیں۔

تاہم اس حوالے سے مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ان کی کانفرنس میں زرتاج گل سے نہ تو کوئی لڑائی ہوئی نہ چپقلش۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

زرتاج گل سے اس بارے میں بات کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے کسی سوال کا جواب نہیں دیا۔

ملک محمد امین اسلم نے مزید بتایا کہ زرتاج گل پارلیمان کے مشترکہ سیشن کی وجہ سے پہلے وطن واپس آگئی تھیں۔

واضح رہے کہ پارلیمان کا مشترکہ سیشن پہلے 11 نومبر کو ہونا تھا لیکن بعد ازاں 17 نومبر کو منعقد ہوا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان