حیدر آبادی گجک: ’دنیا بھر کے لیے پاکستان کا لذیذ تحفہ‘

گڑ، تل اور دیگر اجزا سے بننے والی گجک کی خریداری  سردی کے موسم میں بڑھ جاتی ہے اور حیدر آباد کے دکاندار حاجی اشرف بتاتے ہیں کہ یہاں سے لوگ اسے خاص تحفے کے طور پر بھی خریدتے ہیں۔

جیسے جیسے سردی زور پکڑ رہی ہے ویسے ویسے خشک میوہ جات اور سردیوں کی سوغاتوں کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے جیسے کہ حیدر آباد کی مشہور میٹھی اور خستہ گجک۔ 

سندھ کے ضلع حیدر آباد کی پتاشہ گلی میں گجک کی کئی دکانیں موجود ہیں جہاں پر مزیدار گجک بنائی جاتی ہے۔ 

 یہاں کے دکاندار حاجی اشرف کا کہنا ہے کہ ’سردی کا موسم ہو اور حیدرآبادی گجک نہ کھائیں یہ ہو نہیں سکتا۔‘

گڑ، تل اور دیگر اجزا سے بننے والی گجک کی خریداری  سردی کے موسم میں بڑھ جاتی ہے۔

لوگ اس گجک کو کیوں اتنا پسند کرتے ہیں؟ اس بارے میں حاجی اشرف نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: ’پاکستان میں سب سے اچھی گجک حیدر آباد میں ہی بنتی ہے، یہ سردیوں کی خاص سوغات ہے اور اسے کھانے سے سردی بھی کم لگتی ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ لوگوں کو یہاں پر گجک خستہ اور تازہ ملتی ہے اس لیے اسے بہت پسند کیا جاتا ہے۔

گجک ساز حاجی اشرف کہتے ہیں: ’جو لوگ دودھ نہیں پیتے وہ اس گجک کو کھائیں، یہ دودھ کی بھی طاقت دیتی ہے، جن کو جسم میں درد رہتا ہے وہ بھی اسے استعمال کریں تو یہ فائدہ دے گی۔ جو پہلوان پہلوانی کرتے ہیں وہ بھی گجک کھائیں تو ان کے لیے بہت مفید ہے۔‘

گجک کیسے بنائی جاتی ہے اس بارے میں حاجی اشرف نے بتایا کہ گجک بنانے کے لیے پہلے چینی ڈالتے ہیں، اس کے بعد تیل ڈالتے ہیں اور تل ڈال کر اس کو کوٹتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کے بقول: ’کوٹنے کے بعد اس کی لذت دوبالا ہو جاتی ہے اور اس کی طاقت بڑھ جاتی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ گڑ کی گجک کا ذائقہ بہت اچھا ہوتا ہے اور لوگ گڑ والی گجک کو چینی کی گجک سے زیادہ پسند کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ لوگ آرڈر پر بھی بنوا کر اپنے رشتہ داروں کو تحفے میں بھیجتے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ حیدر آباد کی گجک نہ صرف پورے پاکستان بلکہ دیگر ممالک میں بھی بڑے شوق سے کھائی جاتی ہے۔

’اندرون سندھ، کوئٹہ، مری، سوات اور دیگر علاقوں سمیت جو لوگ پاکستان میں رہتے ہیں وہ یورپی ممالک میں یہ گجک تحفے کے طور پر بھیجتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ جو پاکستانی یورپی علاقوں میں رہ رہے ہیں وہ بھی اس گجک کو پاکستان کے لذیذ تحفے کے طور پر کھاتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا